کھاد کی قیمتوں میں کمی سے کسانوں کو 28ارب روپے کا فائدہ ہوگا

ہفتہ 28 مارچ 2020 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2020ء) اینگرو فرٹیلائزر زکی سربراہی میں فرٹیلائزر کی صنعت نے ملک میںکرونا وائرس سے ہونے والی غذائی قلت کے پیشِ نظر زرعی شعبے کو سہارا دینے اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کھاد کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے ملکی زرعی شعبے کو غیر معمولی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے واضح رہے کہ ملکی جی ڈی پی میں زرعی شعبہ کا حصہ 20فیصد ہے۔

اینگرو فرٹیلائزرز ملک کی پہلی کمپنی ہے جس نے زرعی شعبے کے استحکام کیلئے بد ھ کے روز کھاد کی قیمتوں میں 240روپے فی بیگ کمی کا اعلان کیا ہے۔اسی دوران انڈسٹری کی اور کمپنی نے بھی اپنی کھاد کی قیمتوں میں 23روپے فی بیگ کمی کا اعلان کیاہے۔اینگروفرٹیلائزرز کے چیف فنانشل آفیسر عمران احمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 50سالوں سے زائد عرصے سے اینگرو فرٹیلائزرزپاکستان کے کسانوں کی قابلِ اعتمادشراکت دار اورمقامی طورپر تیار کردہ سستی کھاد کی دستیابی کو یقینی بناتی ہے۔

(جاری ہے)

کورونا (COVID-19)وبائی مرض ایک قومی بحران ہے اوراس سے دیگرشعبوں کے ساتھ ساتھ ملکی زرعی شعبے کے متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک 400روپے فی بیگ کمی کے ساتھ اینگرو فرٹیلائزرز کی کھاد کی قیمت کم ہوکر ڈیلرتک منتقلی 1600روپے فی بیگ ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں قومی خزانے پر بوجھ پڑے بغیر کسانوں کو براہِ راست 28ارب روپے کا فائدہ ہوگااور اس سے زرعی شعبے کو سہارا دینے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔

ماہرین کے مطابق اس وبائی صورتِ حال سے زرعی شعبہ کو نمایاں مندی کا سامنا کرنا پڑے گااور کھاد کی قیمتوں میں حالیہ کمی زرعی شعبے کی بحالی میں مدد فراہم کرے گی۔ یاد رہے کہ زراعت کا شعبہ ملک میں روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ اینگرو کی جانب سے کھاد کی قیمتوں میں کمی کرونا وائرس سے مختلف شعبوں خصوصاً زرعی شعبہ میں آنے والی تباہی کی خلاف حکومتی اقدامات کو مدد فراہم کرے گی۔

اینگرو فرٹیلائزرز قوم خاص طورپر زراعت سے اس وبائی مرض کے منفی اثرات کے خاتمے کیلئے پُر عزم ہے۔ حکومت پہلے ہی اسٹیٹ بینک کے تعاون سے ایس ایم ایز اور زراعت کے شعبے کیلئے 100ارب روپے کے میکانزم کو حتمی شکل دے چکی ہے ۔ اس کے علاوہ سرکاری امدادی پیکج میں گندم کے کاشتکاروں کو0 28ارب روپے کی ادائیگی بھی شامل ہے۔