کورونا وائرس حکومت کا نہیں پوری قوم کیلئے چیلنج ہے، یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا وقت نہیں ، اپوزیشن حکومتی اقدامات میں خامیوں کی نشاندہی کرے اور وائرس پر قابو پانے کیلئے تجاویز دے، حکومت اپوزیشن کی مناسب تجاویز پر ضرور غور کرے گی، کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے، تمام سیاسی جماعتیں قومی یک جہتی کا مظاہرہ کریں، حکومت مہلک وباء پر قابو پانے کیلئے پر اعتماد ہے، ارکان اسمبلی خود بھی اور مخیرحضرات کو غرباء کی مالی معاونت کرنے کی ترغیب دیں

اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی پی ٹی وی پروگرام میں خصوصی گفتگو

اتوار 29 مارچ 2020 22:10

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس صرف حکومت کیلئے نہیں بلکہ پوری قوم کیلئے چیلنج ہے، یہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا وقت نہیں ہے، اپوزیشن کو سیاست کیلئے اور مواقع ملیں گے، اپوزیشن حکومتی اقدامات میں خامیوں کی نشاندہی کرے اور وائرس پر قابو پانے کیلئے تجاویز دے، حکومت اپوزیشن کی مناسب تجاویز پر ضرور غور کرے گی، کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے، تمام سیاسی جماعتیں قومی یک جہتی کا مظاہرہ کریں، حکومت مہلک وباء پر قابو پانے کیلئے پر اعتماد ہے۔

اتوار کو پی ٹی وی کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی اتفاق رائے اور یک جہتی کی ضرورت ہے، سیاست سے بالاتر ہو کر کورونا وائرس کے چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے اور اسی لئے اپوزیشن اور حکومتی ارکان پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں سے آئوٹ پٹ لیکر حکومت تک پہنچائے گی اور وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کے اقدامات کا جائزہ بھی لے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک بھی وائرس کے آگے بے بس نظر آ رہے ہیں، امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں لوگوں نے لوٹ مارشروع کر دی ہے، تمام سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی، میڈیا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ذاتی اختلافات کو بھلا کر یک جہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ پاکستانی ذمہ دار قوم ہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ حکومت ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ان کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں رہیں، ڈسٹرکٹ اور ہیلتھ انتظامیہ کی کارکردگی پر نظر رکھیں تاکہ جہاں خامیاں ہوں انہیں دور کیا جائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں خود بھی حیثیت کے مطابق غریب خاندانوں کی مدد کریں اور مخیر حضرات کو ان کی معاونت کیلئے ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں خیبرپختونخوا میں 1300 ڈاکٹرز اور 400 نرسز کے علاوہ پیرا میڈک عملہ بھرتی کیا گیا ہے۔