ٹائیگرز فورس کے رضا کارسیاست سے بالا ترہو کرفرائض سر انجام دیںگے ، جمشید اقبال چیمہ

پیر 30 مارچ 2020 16:00

ٹائیگرز فورس کے رضا کارسیاست سے بالا ترہو کرفرائض سر انجام دیںگے ، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما،انصاف ویلفیئر ونگ کے سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اس وقت حکومت کی پہلی ترجیح بیروزگار ہونے والے خاندانوںتک امداد اورراشن پہنچانا ہے جس کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ،مشکل کی اس گھڑی میں چین کے بھرپو رتعاون پر پاکستانی قوم اظہار تشکر کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے متحرک کارکنوں سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے ٹیلیفونک رابطوں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگرز فورس کا حصہ بننے والے رضا کاربلا تفریق سب کی مدد کریں گے اور اس میں سیاست کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ پسے ہوئے طبقات کو معاشی مشکلات سے بچایا جائے اور حکومت کی تمام پالیسیوں اور فیصلوں کا محور یہی طبقات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بھی درخواست ہے کہ وہ اپنی سیاست چمکانے کی بجائے خلوص دل سے تجاویز دے تاکہ ان پر عمل پیرا ہو کر مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان قوم آزمائش کی اس گھڑی میں ہرگز مایوس او ر خوفزدہ نہیں اور انشا اللہ ہم اس کڑے وقت سے کندن بن کر باہر نکلیں گے۔ موجودہ حالات میں معیشت بھی مشکلات کا شکارہوئی ہے لیکن انشااللہ اس وباء کے کنٹرول میں آنے بعد اس پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی اور اسے جلد دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کر لیا جائے گا۔