کورونا وائرس کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج،

اپوزیشن اس اہم قومی مسئلے پر بھی سیاست کر رہی ہے‘ عثمان بزدار اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا غیر منطقی اور افسوسناک ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 30 مارچ 2020 20:39

کورونا وائرس کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور تحریک انصاف کی وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کے بہترین پیکیج کا اعلان کیا ہے۔کورونا وائرس کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج ہے جبکہ اپوزیشن اس اہم قومی مسئلے پر بھی سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ اپوزیشن نے کورونا وباء پر پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا غیر منطقی اور افسوسناک ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں اپوزیشن کے منفی کردار کو تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگا رہی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔

آج قوم کو یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے اور پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے یگانگت اور بھائی چارے کا تقاضا کر رہی ہے۔پاکستان کا قرض مشترکہ کاوشوں اور اجتماعی فیصلوں سے ہی اتارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے اور انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قوم کے تعاون سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتیں گے۔