شہر میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت سند ھ حکومت کی لاپرواہی اور عدم دلچسپی کا ثبوت ہے، دوا خان صابر

پیر 30 مارچ 2020 22:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و یوسی 4ضلع غربی کے وائس چیئرمین دوا خان صابر نے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت سند ھ حکومت کی لاپرواہی اور عدم دلچسپی کا ثبوت ہے۔ لاک ڈاون ہوتے ہی علاقوں سے واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کاعملہ غائب ہوگیا ہے۔ ضلع غربی کے عوام پانی کی بوند بوند کے لئے ترس گئے ہیں۔

کورونا وائرس سے بچاو کے لئے سب سے بڑی احتیاطی تدبیر ہاتھ دھونا ہے، جب عوام کو پانی ہی میسر نہیں ہوگا تو وہ ہاتھ کیسے دھوئیں گے۔

(جاری ہے)

واٹر بورڈ کے افسران منتخب نمائندوں اور عوام سے رابطے میں نہیں آرہے ۔ کچھ افسران کے فون بند جارہے ہیں تو کچھ فون نہیں اٹھاتے۔ پی ٹی آئی کے منتخب نمائندے اپنی مدد آپ کے تحت علاقے میں فلاحی کام کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ کہیں نظر نہیں آرہا ۔ حکومت سندھ کے ترجمان اور وزراء صرف کمیٹیاں تشکیل دے رہے ہیں ، صوبائی حکومت کوئی عملی کام نہیں کر رہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ شہر میں پانی کی قلت اور صفائی ستھرائی کے معاملے کو سنجیدہ لیں ۔ شہر میں جراثیم کش اسپرے کئے جائیں، صوبائی حکومت عوام کی جان اور حفاظت کو ترجیح دے۔ #