روالپنڈی ، تحصیل کہوٹہ کی مساجد اور مارکیٹوں کی مقامی انتظامی سٹاف نے کلورین کے ساتھ صفائی کردی

پیر 30 مارچ 2020 22:05

Iراولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مارچ2020ء) وفاقی حکومت کے ترجمان ، رکن قومی اسمبلی و صدر پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب صداقت علی عباسی کی خصوصی ہدایات پر تحصیل کہوٹہ کی مساجد اور مارکیٹوں کی مقامی انتظامی سٹاف نے کلورین کے ساتھ صفائی کر دی ہے جبکہ کہوٹہ ، کلر سیداں اور مری میں صداقت علی عباسی کی تشکیل کردہ معاون کمیٹی کے اراکین کی کو آرڈینیشن کے نتیجے میں آٹے کی وافر مقدار فراہم کی گئی اور مزید سپلائی بھی جاری ہے ․ یہ بات ایڈوائزر ٹوپاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب حاجی محمد گلزار اعوان نے صداقت علی عباسی کی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہی ․ انہو ںنے کہا کہ صداقت علی عباسی نے تحصیل کہوٹہ کا دورہ کرکے مقامی انتظامیہ کے افسران سے تمام مساجد کو کلورین کے ساتھ دھونے کی ہدایات جاری کی تھیں جن پر فوری عمل کرتے ہوئے متعلقہ سٹاف نے مساجد اور مارکیٹوں کو کلورین سے صاف کیا ․ صداقت علی عباسی نے اس موقع پر عوام الناس سے کہا کہ وہ خود بھی اپنے گھروں وغیرہ میں صفائی کا اعلی انتظام کریں اور جراثیم کش سپرے کرکے انفرادی اور اجتماعی تحفظ کو یقینی بنانے میں حکومت کی معاونت کریں ․ کلر سیداں میں اشیائے خورد و نوش کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے رکن آصف محمود کیانی نے رپورٹ دی کہ کلر سیداں میں آٹے کے اڑھائی ہزار تھیلے گذشتہ روز فروخت کیلئے پیش کئے گئے جبکہ ان کی مزید سپلائی بھی جاری ہے ․ صداقت علی عباسی نے کہا کہ بعض حکومت مخالف عناصر اس کڑے وقت میں بھی منفی پراپیگنڈہ کرکے حکومت کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ․ انہو ںنے کہا کہ مری ، کہوٹہ ، کوٹلی ستیاں ، کلر سیداں اور ساگری سرکل میں آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی سپلائی ڈبل کر دی گئی ہے اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ساتھ اس حوالے سے میرا مسلسل رابطہ ہے ․ حاجی گلزار اعوان کے مطابق صداقت علی عباسی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں تاکہ کورونا پر قابو پانے میں مدد مل سکے ․ انہیں آٹے یا دیگر اشیائے ضروریہ کیلئے پریشان نہیں ہونا چائییے اور صرف ضرورت کے مطابق ہی اشیاء خریدیں تاکہ ڈیمانڈ اور سپلائی کا تناسب برقرار رکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر تمام شہریوں کو سہولت کے ساتھ چیزیں دستیاب ہوں ․اسی طرح صداقت علی عباسی کی ہدایات پر تحصیل مری اور کوٹلی ستیاں میں بھی جراثیم کش ادویات کے ساتھ مساجد کی صفائی کی گئی جس پر اہل علاقہ نے حکومت کا شکریہ ادا کیا ․