ڈاکٹرز کی نواز شریف کو آئسولیشن اختیار کرنے کی ہدایت

چونکہ نوازشریف مختلف بیماریوں میں مبتلاہیں، اس لئے انہیں کورونا وائرس زیادہ جلدی متاثر کر سکتا ہے، میڈیکل رپورٹ

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 31 مارچ 2020 10:28

ڈاکٹرز کی نواز شریف کو آئسولیشن اختیار کرنے کی ہدایت
لندن(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-31مارچ2020ء) پاکستان کے سابق وزیر اعظم نوازشریف اس وقت علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں۔ پوری دنیا میںا س وقت کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہوئی ہے جس کے بعد ہر ملک میں ا س سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنائی جا رہی ہیں۔ برطانیہ میں بھی کورونا وائرس پھیل چکا ہے جس کے بعد اب تک 22ہزار سے زیادہ افراد اس کی وجہ سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1400 سے زیادہ اس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی دوران لندن میں موجود پاکستان کے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو ان کے ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ وہ آئسولیشن میں چلے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق ان کی میڈیکل رپورٹس آئی ہیں جس کی برطانیہ میں موجود پاکستان ہائی کمیشن نے بھی تصدیق کی ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں نوازشریف کو ڈاکٹروں کی جانب سے تلقین کی گئی ہے کہ وہ خود کو آئسولیشن میں لے جائیں۔

(جاری ہے)

میڈیکل رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف مختلف بیماریوں مبتلا ہیں نواز شریف پر کرونا وائرس زیادہ جلدی اثرانداز ہو سکتا ہے ۔ نواز شریف کی صحت تاحال خراب ہے ، نواز شریف کے دل کو خون پہنچانے والی شریانیں مکمل فعال نہیں۔رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف نے سوئیٹزرلینڈ کے کچھ ڈاکٹرز کی خدمات بھی حاصل کی ہیں، واز شریف نے اسی ماہ چیک اپ کے لیے جانا تھا، کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نہیں جا سکے۔

نواز شریف شوگر ، گردوں سمیت دیگربیماریوں میں مبتلا ہیں۔ نواز شریف بہتر علاج کے لیے برطانیہ میں ہی رہیں۔یاد رہے کہ پوری دنیا کی طرح یہ وائرس اس وقت برطانیہ میں بھی پھیل چکا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ اس وقت برطانیہ کی آدھی آبادی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے وزیراعظم میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد برطانیہ میں حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑتے جا رہے ہیں۔