نوازشریف کو کورونا وائرس کا خدشہ‘ قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت

سابق وزیراعظم کو عمر اور بیماریوں کو پیش نظرکورونا کا حملہ ہونے کا خطرہ ہے .معالجین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 31 مارچ 2020 15:13

نوازشریف کو کورونا وائرس کا خدشہ‘ قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 مارچ۔2020ء) سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ( ن) کے تاحیات قائد میاں نوازشریف کو کورونا وائرس کے خدشے کے باعث قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے. احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی میاں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق نون لیگ کے تاحیات قائد عمر کے ایسے حصے میں ہیں جب کورونا کا حملہ ہونے کا خطرہ ہے لہذا انہیں قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے.

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کے معائنے کے لیے یونیورسٹی ہسپتال جنیواءسے وقت لیا گیا تھا لیکن کورونا وبا کے خدشے کے باعث چیک اپ کے لیے نہیں لے جایا جاسکتا.

(جاری ہے)

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کو خون سپلائی کرنے والی شریانیں تنگ ہوچکی ہیں جس کے لیے کیتھرائزیشن کی ضرورت ہے رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کے دل کی ادویات کی مقدار بڑھا دی گئی ہے کورونا کے خدشے کے پیش نظر نواز شریف کے لیے سب سے اہم چیز قرنطینہ ہے.

خیال رہے کہ مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد اور سابق صدر نوازشریف علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں عدالت نے علاج کی غرض سے نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی. پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے کمیٹی کا مقصد سابق وزیراعظم کی رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کیلئے سفارشات تیار کرنا ہے جس کی بنیاد پر ان کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا.