رحیم یار خان ۔مشکل کی اس گھڑی میں سستے داموں آٹے کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں،چیئرمین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن پنجاب

بدھ 1 اپریل 2020 16:46

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2020ء) چیئرمین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن پنجاب چوہدری عبدالرؤف مختار نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلورملزآٹے کی سستے داموں فراہمی کو ممکن بنا رہی ہیں،آٹے کا کوئی بحران نہیں، آئندہ دوتین روز میں گندم کی نئی کھیپ آنے کے بعد آٹا مزید سستا اوروافر مقدارمیں دستیاب ہوگا،فلورملزمالکان مخیر حضرات کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔

اان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران کی من گھڑت خبروں میں کوئی صداقت نہیں،فلورملز مشکل کی اس گھڑی میں اپنا قومی فریضہ سمجھ کر سستے داموں آٹے کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں اوراگلے چند روز میں گندم کی نئی کھیپ آنے سے حالات مزید بہتر ہو جائیں گے اورآٹاوافر مقدارمیں مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گندم کی نئی فصل پنجاب میں فی 40کلوگرام کی قیمت تقریباً 1475روپے،جبکہ سندھ میں 1450روپے خرید کی جارہی ہے اگلے دو تین روز میں نئی کراپ آنے سے معمولی بحران کا خاتمہ ہو جائے گا اوروافر مقدارمیں دستیاب ہو سکے گا۔ انہوں نے فلورملز مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا کے باعث لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں غریب افراد کو مفت راشن دینے والے مخیرحضرات کو سستے داموں آٹا فروخت کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے اس سلسلہ میں اگر کسی کومشکل پیش آرہی ہو یا کوئی شکایت ہو تووہ فلورملزایسوسی ایشن سے رابطہ کرے فوری ازالہ کیا جائے گا۔