کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مودی کی جرمن چانسلر سے بات چیت

کرونا سے نمٹنے کے طریقہ کار اور موجودہ بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیاگیا،بیان

جمعہ 3 اپریل 2020 13:45

کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے مودی کی جرمن چانسلر سے بات چیت
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جرمن چانسلر میرکل سے بات چیت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں رہنماوں نے اپنے اپنے ملکوں میں کووڈانیس وبا کی موجودہ صورت حال، اس سے نمٹنے کے طریقہ کار اور موجودہ بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

بھارتی وزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او) کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نریندرمودی نے جرمن چانسلرکے ساتھ دو اپریل کو کووڈ انیس بحران کے پس منظرمیں ٹیلی فون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے اس وبا سے پیدا شدہ بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے دواوں اور طبی آلات کی ناکافی دستیابی پربات چیت کی اوراس ضمن میں باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

پی ایم او کی طرف سے جاری بیان میں مزید کہا گیا جرمن چانسلر میرکل وزیر اعظم مودی کی اس رائے سے متفق تھیں کہ کووڈ انیس جدید تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے اور یہ انسانیت کے حق میں ایک نیا عالمی نقطہ نظر تیار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے انہیں بتایا کہ بھارت نے یوگا اور قدیم بھارتی طریقہ علاج آیوروید کی مدد سے جسم میں قوت مدافعت بڑھانے کے طریقوں کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے حالیہ دنوں میں کئی قدم اٹھائے ہیں۔ بیان کے مطابق میرکل نے تسلیم کیا کہ اس سے نفسیاتی اور جسمانی صحت کو فائدہ ہوگا اور بالخصوص لاک ڈاون کی وجہ سے پیدا صورت حال میں لوگوں کو مدد ملے گی۔