وزیراعلیٰ پنجاب نے وزراء کو اضلاع میں کورونا کے ساتھ گندم خریداری مہم کی نگرانی کا ٹاسک بھی سونپ دیا

عثمان بزدار کی وزرا ء، معاونین و مشیران کو محکمہ صحت، خوراک و انتظامیہ سے فوری رابطے کی ہدایت

ہفتہ 4 اپریل 2020 18:39

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزراء کو اضلاع میں کورونا کے ساتھ گندم خریداری مہم ..
لاہور۔4 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزراء کو اضلاع میں کورونا کے ساتھ گندم خریداری مہم کی نگرانی کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔صوبائی وزرا ، مشیران او رمعاونین خصوصی متعلقہ اضلاع میں گندم خریداری مہم کی مانیٹرنگ بھی کرینگے۔اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ نے وزرا ء، معاونین او ر مشیران کو محکمہ صحت، خوراک اور انتظامیہ سے فوری رابطے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

وزراء، معاونین او رمشیران متعلقہ اضلاع میں کورونا کی صورتحال او رگندم خریداری پر وزیراعلیٰ آفس کو رپورٹ دینگے،گندم خریداری کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے حتیٰ الامکان اجتماع سے گریز لازمی کیا جائیگا۔جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گندم کی کٹائی کیلئے انسانی وسائل کی بجائے مشینری پر انحصار سود مند ثابت ہوگا جبکہ حکومت کاشتکاروں کے حقوق اور صحت کا تحفظ یقینی بنائیگی ۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر چودھری ظہیر الدین فیصل آباد، رائے تیمور جھنگ،مہر اسلم چنیوٹ میں گندم خریداری کی نگرانی کرینگے جبکہ آشفہ ریاض ٹوبہ ٹیک سنگھ، یاسمین راشدلاہور، ہاشم ڈوگر قصور،ملک اسد ننکانہ او رمیاں خالد شیخوپورہ میں مانیٹرنگ کرینگے،اسی طرح راجہ راشد حفیظ راولپنڈی، حافظ عمار یاسر چکوال، آصف محمود جہلم، ملک انور اٹک،عنصر مجید خان نیازی سرگودھا میں نگرانی کرینگے،ممتاز احمد خوشاب، امیر محمد خان بھکر، میاں محمورالرشید گوجرانوالہ اور محمد رضوان کے ذمہ گجرات ہوگا۔

عمر فاروق حافظ آباد، محمد اجمل منڈی بہاؤالدین، پیر سید سعید الحسن شاہ نارووال او رمحمد اخلاق سیالکوٹ میں گندم خریداری کی نگرانی کرینگے،ملک نعمان ساہیوال، صمصام بخاری اوکاڑہ، فیصل حیات پاکپتن، سمیع اللہ چودھری بہاولپور، شوکت لالیکا بہاولنگرمیں ہونگے،محسن لغاری رحیم یارخان،محمداختر ملتان، سید حسین جہانیاں گردیزی خانیوال،زوار وڑائچ لودھراں، جہانزیب کچھی وہاڑی میں نگران ہونگے،جبکہ حنیف پتافی ڈی جی خان، حسنین بہادر دریشک راجن پو ر، عبدالحئی دستی مظفر گڑھ، سید رفاقت گیلانی لیہ میں مانیٹرنگ کرینگے۔