آٹا ‘چینی سکینڈل میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے. فردوس عاشق اعوان

شریف خاندان نے ایک ارب 40کروڑروپے کی سبسڈی لی‘5فیصد اشرافیہ نے 95فیصد عوام کے حقوق کو یرغمال بنارکھا تھا. معاون خصوصی برائے اطلاعات کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 5 اپریل 2020 18:38

آٹا ‘چینی سکینڈل میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے. فردوس ..
سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اپریل۔2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آٹے اور چینی کے بحران کے حوالے سے انکوائری کمیشن اپنی تفصیلی رپورٹ 25 اپریل تک جاری کرے گا‘ بحران کو پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے. معاون خصوصی نے سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے انکوائری رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے واضح رہے کہ حکومت نے ملک میں آٹے کے بحران اور اس کے نتیجے میں بڑھنے والی قیمتوں کی انکوائری کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ خریداری کی خراب صورتحال کے نتیجے میں دسمبر اور جنوری میں بحران شدت اختیار کرگیا.

کمیٹی نے کہا کہ سرکاری خریداری کے طے شدہ ہدف کے مقابلے میں 35 فیصد (25 لاکھ ٹن) کمی دیکھنے میں آئی رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ میں گندم کی خریداری صفر رہی جبکہ اس کا ہدف 10 لاکھ ٹن تھا اسی طرح پنجاب نے 33 لاکھ 15 ہزار ٹن گندم خریدی جبکہ اس کی ضرورت و ہدف 40 لاکھ ٹن تھا. رپورٹ میں سابق سیکرٹری خوراک حکومت پنجاب نسیم صادق اور سابق ڈائریکٹر فوڈ ڈاکٹر ظفر اقبال کو ان سنگین کوتاہیوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے رپورٹ میں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا بھی حوالہ دیا گیا جنہوں نے محکمہ خوراک میں دیرینہ مسائل سے نمٹنے کے لیے کوئی اصلاحاتی ایجنڈا وضع نہیں کیا.

سندھ میں جہاں گندم کا بحران درحقیقت باقی ملک میں پھیلنے سے پہلے ہی شروع ہوا تھا اس ضمن میں رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبائی حکام اس بارے میں کوئی وضاحت پیش نہیں کرسکی کہ انہوں نے خریداری کا فیصلہ کیوں نہیں کیا؟دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ کوئی بھی طاقتور لابی عوام کے نام پر فائدہ نہیں اٹھاسکتی.

ان کا کہنا تھا کہ اب وہ کارروائی کرنے سے قبل اعلیٰ اختیارات کے کمیشن کے تفصیلی فرانزک رپورٹ کے منتظر ہیں جو اس ماہ کی25 تاریخ کو سامنے آئے گی‘انہوں نے کہا کہ چینی اور گندم کی قیمتیں اچانک بڑھنے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹس کسی ردوبدل کے بغیر فوری طور پر جاری کی گئی ہیں یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک مثال ہے. وزیراعظم نے کہا کہ سابقہ سیاسی قیادتوں میں اپنے ذاتی مفادات ،سمجھوتوں اور اخلاقی جرات میں کمی کی وجہ سے ایسی رپورٹس جاری کرنے کی ہمت نہ تھی واضح رہے کہ رواں سال جنوری اور فروری کے مہینے میں ملک بھر میں گندم اور آٹے کے ساتھ ساتھ چینی کا بحران شدت اختیار کرگیا تھا جس کی وجہ سے اس کی قیمت آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگی تھیں اور یہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا تھااس بحران پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر انکوائری کمیٹی 22 جنوری کو تشکیل پائی تھی جس میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل اس کے کنوینر تھے.

ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جماعت میں خود احتسابی کا آغاز کردیا ہے اور رپورٹ سامنے لاکر اپنا وعدہ پورا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے وعدہ کیاتھا قانون سب کیلئے برابرہوگا معاون خصوصی نے کہا کہ ہمارے دور میں 3ارب روپے کی سبسڈی دی گئی، نون لیگ کے دور میں 22ارب روپے کی سبسڈی دی گئی. رپورٹ میں شریف گروپ کی بدمعاشی بے نقاب ہوگئی ہے شریف خاندان نے ایک ارب 40کروڑروپے کی سبسڈی لی فردوس اعوان نے کہا کہ 30سال سے خود کو فائدہ پہنچانے کی پالیسی بنائی جاتی رہی، 5فیصد افراد نے 95فیصد کے حقوق کو یرغمال بنارکھا تھا.

انہوں نے کہا کہ ماضی میں رپورٹس منظرعام پر نہیں آتی تھیںرپورٹ کی فرانزک آڈٹ کیلئے 25اپریل کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے. ملک میں جاری معاشی بحران کے متعلق انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی معیشت تباہ حالی کی شکار ہے کوئی بھی حکومت ان چیلنجز کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتی معاون خصوصی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بحران سے نکلنے کا واحد حل ہے ایکسپورٹرز کی سہولت کاری سے آرڈر مکمل کرنے کی معاونت کرنی ہے مزدوروں کیلئے ہیلتھ،سیفٹی ایس او پیز دے رہے ہیںانہوں نے کہاکہ صنعتی پہیہ رواں رکھنے کیلئے ممکن اقدامات کرنے جارہے ہیں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں پر کڑی نظر رکھی جائے.