سعودی پولیس نے غذائی قِلت کا واویلا مچانے والے غیر مُلکی کو گرفتار کرلیا

ملزم نے ایک سپر مارکیٹ کے خالی شیلف کی ویڈیو بنا کر دعویٰ کیا تھا کہ مملکت میں بہت جلد غذائی اشیاء کا بحران پیدا ہونے والا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 اپریل 2020 17:08

سعودی پولیس نے غذائی قِلت کا واویلا مچانے والے غیر مُلکی کو گرفتار ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 اپریل 2020 ء) سعودی عرب میں جیسے جیسے کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ویسے ہی سوشل میڈیا پر افواہوں میں بھی تیزی آتی جا رہی ہے۔ کئی افراد سوشل میڈیا پر تصویریں اور ویڈیو شیئر کر رہے ہیں جن میں یہ دعوے کیے جا رہے ہیں کہ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی بہت زیادہ ہے، جسے حکومت چھُپا رہی ہے، جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ مملکت میں غذائی اشیاء کی قِلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث بڑا بحران جنم لے رہا ہے۔

سعودی پولیس نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے کے الزام میں ایک تارک وطن کو گرفتار کر لیا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق مشرقی ریجن کی پولیس نے ایک یمنی تارک وطن کو گرفتار کیا ہے جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ ہے۔ مشرقی ریجن پولیس کے ترجمان بریگیڈیئر زیاد الرقیطی نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر غذائی بحران کا دعویٰ کرنے والے شخص کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم نے ایک سپر مارکیٹ میں جا کر ویڈیو بنائی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ دُکانوں میں غذائی اشیاء دستیاب نہیں ہیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ مملکت میں غذائی بحران پیدا ہونے والا ہے۔ ویڈیو کے دوران اپنی بات کو سچ ثابت کرنے کی خاطر اس شامی نوجوان نے سُپر مارکیٹ کی خالی شیلفس کی بھی ویڈیو بناکر یہ دعویٰ کیا کہ حالات بہت خراب ہو چکے ہیں۔ ملزم کی جانب سے جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پرپوسٹ ہونے کے بعد وائرل ہوئی تو پولیس کے نوٹس میں بھی آ گئی۔

جس کے بعد نوجوان کی نشاندہی کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔بریگیڈیئر زیاد الرقیطی کا کہنا تھا کہ گرفتار شدہ شخص نے سوشل میڈیا پر افواہ پھیلانے، لوگوں کو گمراہ کرنے، غذائی قلت اور بحران کا بے بنیاد دعوی کیا ہے۔جس کی بناء پر اس غیر ملکی نوجوان پر سائبر کرائم کی دفعات لاگو ہوتی ہیں،
ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی سیکیورٹی حکام کی جانب سے کرفیو کے نفاذ کے بعد سے درجنوں افراد کو کرفیو کی خلاف ورزی، سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے، عوام کو کرفیو اور کورونا سے متعلق ضوابط اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اُکسانے، سیکیورٹی فورسز و اداروں کے بارے میں توہین آمیز کلمات کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ جنہیں بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ قید کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔