پاکستان کیخلاف میچ کے دوران دھونی کو گالیاں کیوں دیں؟ اشیش نہرا نے 15 سال بعد انکشاف کر دیا

شاہد آفریدی کا کیچ ڈراپ ہونے پر مایوسی میں دھونی کو گالیاں دیں، اب اپنے رویے پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کرتا ہوں: سابق پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 اپریل 2020 17:38

پاکستان کیخلاف میچ کے دوران دھونی کو گالیاں کیوں دیں؟ اشیش نہرا نے ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اپریل 2020ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر اشیش نہرا نے 15 سال قبل پاکستان کیخلاف کھیلے گئے میچ کے دوران مہندرا سنگھ دھونی کو گالیاں دینے پر معافی مانگ لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2005ء میں 12 اپریل کو پاکستان اور بھارت کے درمیان احمد آباد میں چوتھا ون ڈے میچ کھیلا گیا جو 48 اوورز تک محدود تھا۔ اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سچن ٹنڈولکر کی شاندار سنچری کی بدولت 315 رنز بنائے تاہم پاکستانی ٹیم نے سلمان بٹ، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، شعیب ملک اور انضمام الحق کی اچھی کارکردگی کی بدولت میچ کی آخری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔

شاہد خان آفریدی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے اور یہ واقعہ ان کی بیٹنگ کے دوران ہی پیش آیا جس کی ویڈیو دوبارہ وائرل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

اشیش نہرا نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انکشاف کیا کہ یہ میچ دباؤ سے بھرپور تھا جس میں شاہد آفریدی نے مجھے چھکا لگایا تو اگلی گیند ان کے بیٹ سے ٹکرا کر وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی اور سلپ میں کھڑے راہول ڈریوڈ کے درمیان سے گزر گئی جس پر مجھے خاصی مایوسی ہوئی اور غصہ آیا جس پر میں نے گالیاں دیدیں، میچ کی گرما گرمی میں ایسا ہوگیا لیکن اس میں کوئی قابل فخر بات نہیں،میں اب اپنے روئیے پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کرتا ہوں۔