برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کورونا وائرس کے باعث ہسپتال داخل، ذمہ داریاں جاری رکھیں گے

امریکی صدر ٹرمپ کا نیک تمنائوں کا اظہار

پیر 6 اپریل 2020 22:47

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو کورونا وائرس کی مستقل علامات ظاہر ہونے کے بعد ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود وہ بحیثیت وزیر اعظم ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ بورس جانسن کو 27 مارچ کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے سیلف آئیسو لیشن اختیار کر لی تھی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ڈاکٹروںنے جانسن کو مسلسل تیز بخار اور کھانسی کی وجہ سے ہسپتال منتقل ہونے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود وہ بطور وزیر اعظم اپنے امور جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورس جانسن کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم اس کے باوجود وہ ڈاکٹرز کی نگرانی میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں دو ہفتے سے لاک ڈائون نافذ ہے تاہم اس کے باوجود وہاں پر وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، برطانیہ میں اب تک 50 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 4 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ ہو چکی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی برطانوی وزیر اعظم کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا، کہا کہ جانسن میرے اچھے دوست اور عظیم لیڈر ہیں، امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔