ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3864 تک پہنچ گئی،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر

چوبیس گھنٹوں میں 4 نئی اموات سامنے آئیں،سندھ میں 17، پنجاب میں 15، کے پی کے میں 17 مریض زندگی کی بازی ہار گئے،

منگل 7 اپریل 2020 13:47

ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3864 تک پہنچ گئی،نیشنل کمانڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3864 تک پہنچ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 577 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 1918 تک پہنچ گئی۔

کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں 932 کورونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 500 اور اسلام آباد میں 83 ہوگئی۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 202 گلگت بلتستان میں 211 کیسز رپورٹ ہوئے،آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 18 ہوگئی،مجموعی طور پر 59 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 41 فیصد مقامی طور پر پھیلے۔

(جاری ہے)

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق مٴْلک بھر میں اب تک 429 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے،کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق کورونا وائرس سے سے موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد 54 تک پہنچ گئی،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4 نئی اموات سامنے آئیں،سندھ میں 17، پنجاب میں 15، کے پی کے میں 17 مریض زندگی کی بازی ہار گئے،گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک مریض کورونا وائرس کے باعث جاںبحق ہوگیا ،وفاقی دارلحکومت میں بھی کورونا وائرس کا پہلا مریض دم توڑ گیا۔

کمانڈ سینٹر کے مطابق اب تک 39 ہزار 183 افراد کے کورونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3088 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے،ملک کے 462 ہسپتالوں میں قائم آئسولیشن وارڈز میں 7295 بیڈز کی سہولت موجود ہے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج کورونا وائرس متاثرہ مریضوں کی تعداد 1311 ہے، مٴْلک میں کورونا وائرس کے 28 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق مٴْلک بھر میں 328 قرنطینہ سینٹرز کی سہولت دستیاب ہے،16737 افراد افراد کو مختلف قرنطینہ سینٹرز میں رکھا گیا ۔