عالمی ادارہ صحت کا چین کے لیے سرحدیں کھولنے کا مشورہ غلط ہے،

امریکی صدر کی عالمی ادارے کے لیے امداد روکنے کی دھمکی

بدھ 8 اپریل 2020 12:03

عالمی ادارہ صحت کا چین کے لیے سرحدیں کھولنے کا مشورہ غلط ہے،
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کے لیے امریکی سرحدیں کھولنے کا مشورہ غلط دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وہ ادارے کے لئے امریکی امداد کو روک دے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہائوس میں نیوز بریفنگ کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران چین پر زیادہ توجہ مرکوز کی ہے، امریکہ ادارے کو بڑے پیمانے پر فنڈز دیتا ہے اور چین ادارے کی توجہ کا محورومرکز بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کے چین کے لیے امریکی سرحدیں جلد کھولنے کے مشورے کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے ہمیں کیوں ایسا غلط مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسا کر کے واقعی بہت غلط کیا ہے اور اب ہم عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی فنڈز کو روک رہے ہیں کیونکہ ہم اس پر بہت طاقتور گرفت رکھتے ہیں اور ہم ایسا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جرنل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے عالمی ادارہ صحت پر امریکی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گیبریسس کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے متعدد ممالک کو طبی سامان اور عالمی گائیڈ لائنز پر تربیت کی فراہمی کے زریعے مدد کر کے زبردست کام کیا ہے اور یہی نہیں عالمی ادارہ صحت نے ایبولا وائرس کے خلاف بھی اپنے عملے کے زریعے فرنٹ لائن پر خدمات فراہم کی ہیں۔