برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 938 اموات

ملک میں آج ایک ہی دن میں ابھی تک کی سب سے زیادہ اموات ہوئیں، مجموعی تعداد 7100 سے تجاوز کرگئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 اپریل 2020 21:27

برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 938 اموات
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 اپریل2020ء) برطانیہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 938 اموات ہوگئی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں آج ایک ہی دن میں ابھی تک کی سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 7100 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اموات سے متعلق روزانہ کے اعداد و شمار میں اضافہ یا کمی ضروری نہیں کہ اصل صورتحال کی عکاسی کریں کیوں کہ ہوسکتا ہے کہ حکام تک یہ اعداد و شمار پہنچنے میں ٹائم لگ رہا ہو۔

برطانیہ کے شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے جعلی ٹیسٹ اور کرشماتی علاج کے نام پر فروخت ہونے والی دواوں سے ہوشیار رہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی نے کہا کہ وہ ایسے 14 کیسز کی تحقیقات کر رہی ہے جن میں غیر لائسنس شدہ اشیا کو غیر مجاز ویب سائٹس پر فروخت کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی نے واضح کیا کہ اب تک کووڈ 19 کے علاج کے لیے کوئی لائسنس والی دوا موجود نہیں ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں فرانس اور امریکہ میں ریکارڈ کی گئیں جہاں پر بالترتیب 1417 اور 1404 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں، برطانیہ میں 786، اٹلی میں 604 اسپین میں 556، بیلجیئم میں 403 ، ہالینڈ 236، ایران 133، جرمنی 132، سویڈن 114، ترکی میں 76 اور سوئٹزرلینڈ میں 56 اور کینیڈا میں 51 افراد دم توڑ گئے، ایک دن میں 6395 ہلاکتیں اور 65344 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد 81 ہزار اور متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 3 لاکھ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس نے اب تک 209 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، دنیا بھر میں اب تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 11348 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 81049 ہو گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ہلاکتیں فرانس میں ہوئیں جہاں پر مہلک وباء نے مزید 1417 افراد کی جان لے لی جس کے بعد وہاں پر مرنے والوں کی تعداد 10328 ہو گئی ہے جبکہ 11059 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ سے عبور کر گئی ہے، امریکہ میں مزید 1404 ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 12272 ہو گی ہے، ایک روز میں 19583 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 34 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے، برطانیہ میں بھی کورونا وائرس سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے اور آج مزید 938 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 6159 سے تجاوز کرگئی ہے۔