امریکی خاندان نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے زیر زمین بنکر میں رہائش اختیار کر لی

جمعرات 9 اپریل 2020 11:39

امریکی خاندان نے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے زیر زمین بنکر میں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) چار افراد پر مشتمل امریکی خاندان نے خود کوکورونا وائرس کی عالمی وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے زیر زمین بنکر میں رہائش اختیار کر لی۔امریکی ریاست سائوتھ ڈکوٹا کے رہائشی مائیکل جیم بالا نے تین سال قبل فوج سے کنکریٹ اور سٹیل کا بنا ہوا بنکر خریدا تھا جو کہ 1967تک امریکی فوج گولا بارود سٹور کرنے کے لئے استعمال کرتی رہی تھی۔

امریکی فوج کے پاس ایسے سینکڑوں بنکر موجود ہیں جن میں شمسی، ہوا اور ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کا انتظام پانی کا کنکشن اور دوسال کے لئے غذائی اشیاء موجود ہیں۔مائیکل جیم بالا جو تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ ہیں نے روسی ذرائع ابلاغ سے فون پر گفتگو میں بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی بیٹی کو ایک حادثہ پیش آیا جس نے انہیں یہ سبق دیا کہ سب کچھ انسان کے اختیار میں نہیں ہوتا اور انسان کو بدترین صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے بھی تیار رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

مائیکل جیم بالا نے بتایا کہ مارچ کے آغاز میں ملک میںکورونا وائرس کی وبا کی خبریں سننے کے فوری بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمرا گھر چھوڑکر گھر سے کافی فاصلے پر ایک گائوں میں بنائے گئے بنکر میں منتقل ہو گئے تھے اور ابھی تک ان کی اہلیہ اور دو بچے بالکل خیریت سے ہیں تام ان کی اہلیہ اپنی ایک رشتہ دار خاتون کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر سن کر ان کے لیے اور ان کے خاندان بارے فکر مند ہیں۔

مائیکل جیم بالا نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی طرح بہت سے اور لوگوں نے ایک کمپنی کے ذریعے یہ بنکر 35 ہزار ڈالر فی بنکر کے حساب سے خریدے تاہم ان میں مختلف سہولتوں کی فراہمی پر لوگوں سے 30 ہزار ڈالر سے ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک خرچ کیے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے بچوں کو گھر پر پڑھانے بارے اچھی خاصی معلومات جمع کر رکھی ہیں اور وہ بچوں کو گھر پر بہت اچھی طرح پڑھا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ یہ بنکر خرید رہے تھے تو ان کے بہت سے جاننے والے ان پر حیرت کا اظہا رکررہے تھے لیکن انہیں اپنے خاندان کی زندگی زیادہ عزیز ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یہ سوچ کہ حکومت ہر شہری کی جان بچانے کے لئے اس تک پہنچے کی دانشمندانہ نہیں۔دنیا میں کسی بھی ملک کی حکومت ایسا نہیں کر سکتی ۔ حکومتیں صرف لوگوں کو کسی مشکل سے خبر دار کر سکتی ہیں اور بچائو کے طریقے بتا سکتی ہیں ،ان طریقوں پر عمل لوگوں نے خود کرنا ہوتا ہے۔