مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس‘

ملکی معیشت کے اہم شعبوں کی کارکردگی اور کورونا وائرس کی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر تبادلہ خیال جون 2020ء تک بجلی بلوں میں ماہانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ موخر ‘جاری مالی سال میں سپیشل سیکورٹی ڈویژن ساوتھ فیز ون کیلئے 11 ارب 48 کروڑ30 لاکھ روپے سمیت 4 ضمنی تکنیکی گرانٹس کی منظوری

جمعرات 9 اپریل 2020 18:54

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2020ء) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جون 2020ء تک بجلی کے صارفین کے بلوں میں ماہانہ اورسہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹس کو موخرکرنے اورجاری مالی سال میں سپیشل سیکورٹی ڈویژن (ایس ایس ڈی) ساوتھ فیز ون کیلئے 11 ارب 48 کروڑ30 لاکھ روپے سمیت 4 ضمنی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں یہاں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں ملکی معیشت کے اہم شعبوں کی کارکردگی اور کورونا وائرس کی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمیٹی نے وزیراعظم کے اعلان کردہ اقتصادی ریلیف پیکیج پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔اجلاس میں پاور سیکٹر میں معاشی سرگرمیوں میں کمی اور اس شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کے طریقہ کار کے جائزے کیلئے وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات سمیت خزانہ اورپاور کی سیکریٹریوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دو سو ارب روپے کے پاکستان انرجی سکوک بانڈز کے دوسرے مرحلے کیلئے ویلویٹر کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔ای سی سی نے بجلی بلوں میں ماہانہ اور سہ ماہی بنیادوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ کو جون تک موخر کردیا۔جس سے قومی خزانے پر151 روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔اجلاس میں چارفریقی ( تاپی) منصوبے کیلئے قیمت کے تعین کے ضمن میں مذاکراتی کمیٹی میں سوئی نادرن کے ایم ڈی کی شمولیت کی منظوری دی گئی۔

کمیٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کیلئے سولہ کروڑ روپے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کیلئے ایک ارب ستر کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔کمیٹی نے سپیشل سکیورٹی ڈویژن ساؤتھ کیلئے گیارہ ارب اڑتالیس کروڑ روپے اور سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کیلئے چھیالیس کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی۔