امارات میں رواں ماہ کے دوران 50 ہزارمزدور کارکنان کی سکریننگ کی جائے گی

کارکنان کی سکریننگ کے لیے طبی ٹیمیں جبل علی، القوز، سونا پور اور کراما کے علاوہ دیگر لیبر رہائشی علاقوں میں بھی کام کر رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 اپریل 2020 11:00

امارات میں رواں ماہ کے دوران 50 ہزارمزدور کارکنان کی سکریننگ کی جائے ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10 اپریل 2020 ء) متحدہ عرب امارات میں رواں ماہ کے دوران 50 ہزار مزدور کارکنان کی کورونا وائرس کے حوالے سے سکریننگ کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مملکت کے تمام بڑے لیبر کیمپس کے دورے کیے جا رہے ہیں۔ہزاروں کارکنان کی سکریننگ کا یہ محنت طلب کام رائٹ ہیلتھ اور الفتیم ہیلتھ ہب کی باہمی کوششوں کے باعث انجام پائے گا، جس کا مقصد امارات میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں میں حصہ ڈالنا ہے۔

الفتیم ہیلتھ ہب کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر الیوسف نے اس حوالے سے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مزدور کارکنان کی سکریننگ کے لیے رائٹ ہیلتھ جیسے نامور طبی ادارے کے ساتھ اشتراک بہت خوش آئند ہے ۔دونوں طبی اداروں کے مشترکہ مشن کے دوران کارکنان میں کورونا وائرس کے حوالے سے سکریننگ کی جائے گی، مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر قرنطینہ میں منتقل کیا جائے تاکہ مزید افراد میں یہ وائرس منتقل نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

رائٹ ہیلتھ کلب کے چیف ایگزیکٹو جیان کرشنا پِلے کا کہنا تھا کہ کارکنان کی سکریننگ اور ٹیسٹنگ بہت ضروری ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات کے 70 فیصد تارکین اتنی گنجان عمارتوں میں رہائش پذیر ہیں کہ ایک ایک کمرے میں 8 سے 10 افراد نے رہائش اختیار کر رکھی ہے، جس کے باعث ان افرا د میں سماجی دُوری ممکن نہیں ہو پا رہی، اور نتیجے میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیلنے کا خدشہ موجود ہے۔

ہمارے طبی ادارے کے دُبئی، العین، شارجہ اور ابو ظبی میں 33کے قریب پرائمری ہیلتھ سنٹرز جبل علی، سونا پور اور القوز میں موجود ہیں، اس کے علاوہ کراما میں بھی ایک کلینک موجود ہے۔ کئی تعمیراتی کمپنیوں کے لیبر کیمپس میں ایک ہزار تک کارکنان رہائش پذیر ہیں۔ ان تعمیراتی کمپنیوں کو خدشہ ہے کہ اگر ان کے لیبر کیمپس میں کورونا کی وبا پھیل گئی تو مزدوروں کے بیمار پڑ جانے سے ان کی پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہو جانے سے اچھا خاصا مالی نقصان ہو گا۔

اسی خدشے کے باعث ان تعمیراتی کمپنیوں نے ہم سے درخواست کی ہے کہ ان کے لیبر کیمپس میں سکریننگ اور ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا جائے۔ اسی وجہ سے ہم نے الفتیم ہیلتھ کے ساتھ اشتراک کیا ہے کیونکہ الفتیم کے پاس میڈیکل ٹیسٹنگ کی جدید ترین ٹیکنالوجی موجود ہے اور حکومت کی جانب سے اس ادارے کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور ٹیکنیشنز کورونا سے لڑنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

مختلف تجارتی اداروں اور تعمیراتی کمپنیوں کو ہماری جانب سے 370درہم فی کارکن کے حساب سے ٹیسٹ کروانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کارکنان کی سکریننگ کا عمل گزشتہ ماہ شروع کیا گیا۔ اب تک 10 ہزار مزدور کارکنان کی سکریننگ کی جا چکی ہے۔ جس میں ٹمپریچر ریکارڈ کرنے کے علاوہ ٹریول ہسٹری اور کورونا مریضوں سے میل جول سے متعلق سوالات بھی شامل ہیں۔ سکریننگ کے دوران ایک فیصد افراد میں کورونا کی مشتبہ علامات پائی گئیں، جن کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا گیا۔