حکومت کاٹیلی سکول پروگرام اہمیت کا حامل ہے ، وائس چانسلرعلامہ اقبال یونیورسٹی

ہفتہ 18 اپریل 2020 00:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2020ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ حکومت کاٹیلی سکول کا پروگرام اور منصوبہ انقلابی اور انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اوپن یونیورسٹی وفاقی وزارت تعلیم کے معاون کے طور پر اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کو نہ صرف ان کے گھر کے اندر تعلیم اور تعلیمی ماحول فراہم کرے گی بلکہ معاشرے کی اہم شخصیات کے پیغام و دیگر مثبت سرگرمیوں سے ان پر گھر میں رہتے ہوئے طلباء پر پڑنے والا دباؤ بھی ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔

جمعہ کوڈاکٹر ضیاء القیوم نے ان خیالات کا اظہار اے پی پی ٹی وی چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈاون سے طلباء کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچانے کے لیے وفاقی حکومت اور وزارت تعلیم نے اس منصوبے کیلئے ہماری یونیورسٹی کی خدمات حاصل کی ہیں جس پر ہم ان کے ممنون ہیں، اس منصوبے کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ا نسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ٹیکنالوجی میں پروگرام تیار ہوکر پی ٹی وی سے طلباء کے لئے ٹیلی کاسٹ ہوں گے، اس سلسلے میں وزارت تعلیم کا پی ٹی وی سے معاہدہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اس سلسلے کو لاک ڈاون کے بعد بھی مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے اور سکول نہ جاسکنے والے بچوں کی تعلیم کیلئے کورس تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہاکہ لاک ڈاون کی وجہ سے اوپن یونیورسٹی نے معمول کی داخلہ تاریخ 15 اپریل سے بڑھا کر5 جون 2020 ء کردی ہے اور اس کے ساتھ ہی طلباء و طالبات کو فی الحال اپنے کورس کی نصف فیس جمع کرانے کی رعایت بھی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم دنیا کی بڑی یونیورسٹیاں دے رہی ہیں اور آن لائن تعلیم کا طریقہ کار بھی اب تبدیل ہوکر انتہائی مفید ثابت ہوگیا ہے۔