پشین، سردارمصطفی خان ترین کی اچانک موت کی خبرجنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی

بدھ 22 اپریل 2020 17:19

پشین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2020ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سردارمصطفیٰ خان ترین کی اچانک موت کی خبر پشین کے عوام پر قیامت کی طرح ٹوٹ پڑی،مرحوم کے انتقال کی خبر پشین اور ملحقہ علاقوں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔مرحوم ضلع پشین کے واحدغیر متنازعہ شخصیت تھے جس کے سائے تلے تمام قبائل،سیاسی جماعتیں اور شخصیات متحد تھیں۔

آپ نہ صرف ترین قبیلہ بلکہ پشین کے تمام پشتون قبائل کاکڑ، ترین، سید، اچکزئی سمیت درانی اور خلجی قبائل میں بے پناہ پذیرائی کی بدولت تمام قبائل کے سربراہ کے طور پر جانے جاتے تھے۔ زندگی کے کسی بھی موڑ پر آپ اور آپ کے خاندان کے علاقے کے کسی بھی فرد یا قبیلے کے ساتھ کوئی اختلاف سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

مرحوم نے پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے طالب علمی کے دور سے اپنی جدوجہد کا آغاز کیا، 80 کی دہائی میں اپنے وارڈ سے کونسلر منتخب ہونے کے بعد متعدد بار میونسپل کمیٹی پشین کے بلامقابلہ چئیرمین منتخب ہوتے رہے۔

بعدازاں 1997کے انتخابات میں پشین سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے، اس دوران 1998 کی مردم شماری کے بائیکاٹ اور پشتون قومی جرگہ کے سخت احتجاج، جلسوں اور مظاہروں میں گرفتار ہوکر قید وبند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کے ٹکٹ پر تحصیل ناظم پشین منتخب ہوئے۔ بعد ازاں 2013 کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں جب پارٹی نے پشین کے صوبائی اسمبلی کی نشست پر نامزدکیا تو اپنے عوام میں اپنی محبوبیت کی بناء پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے۔

سیاسی طور پر اپنی پارٹی کے مرکزی چئیرمین مشر گران محمودخان اچکزئی کے ساتھ زندگی کے آخری سانس تک وفادار رہے اور ان کے شانہ بشانہ ہم قدم رہے۔ متعدد بار پارٹی کے ضلعی سیکریٹری رہے جبکہ آخری وقت تک بطور مرکزی سیکرٹری اور صوبائی ایگزیکٹیو اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔