ملک میں پیدا ہونے والے 72 فیصد بچے آئیوڈین کی کمی کے ساتھ زندگی کا سفر شروع کرتے ہیں، آئیوڈین ملے نمک کی کمی انسان کو مختلف بیماریوں میں مبتلا کر رہی ہے، ماہرین طب

ہفتہ 25 اپریل 2020 12:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2020ء) آئیوڈین ملے نمک کی کمی انسان کو مختلف بیماریوں میں مبتلا کر رہی ہے لہٰذا خطرناک امراض سے بچنے کیلئے کھانوں میں آئیو ڈین ملے نمک کا استعمال یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ماہرین طب نے بتایاکہ آئیوڈین کی کمی کی وجہ سے گلہڑ کی بیماری سمیت پیدائشی نقائص گونگا و بہرہ پن، بھینگاپن ، چھوٹا قد، دماغی سستی اور دیگر امراض کے لاحق ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آئیوڈین ملے نمک کے استعمال کو فروغ دیا جائے ۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے ملک کی پچاس فیصد سے زائد آبادی میں آئیوڈین کی کمی پائی جاتی ہے اور پیدا ہونے والے 72 فیصد بچے آئیوڈین کی کمی کے ساتھ زندگی کا سفر شروع کرتے ہیں ۔ انہوںنے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ صرف شمالی علاقہ جات اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں آئیوڈین کی کمی پائی جاتی ہے بلکہ حقیقت میں ملک کے تقریبا تمام علاقوں میں آئیوڈین کی کمی ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ روزانہ استعمال ہونے والے نمک میں آئیوڈین شامل ہونا چاہیے۔