نامور شخصیات کا عرفان خان کی موت پر افسوس کا اظہار

عرفان خان بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل ایسے اداکار تھے جنہوں نے سینما کو بہت کچھ دیا،وہ اپنے پیچھے ایک بڑا خلا چھوڑ گئے، شوبز ستاروں کی اداکار کے بلند درجات کے لیے دعائیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 29 اپریل 2020 14:39

نامور شخصیات کا عرفان خان کی موت پر افسوس کا اظہار
لاہو ر(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اپریل 2020ء) بالی وڈ اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ عرفان خان کو گزشتہ روز ناسازطبیعت کے باعث انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کرواگیا جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لی۔عرفان خان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔ عرفان خان میں2018 میں کینسر کی تشخیص ہوئی ، بعد ازاں وہ اپنا علاج کرانے کے لیے امریکا چلے گئے ۔

انہوں نے ہندی میڈیم، لنچ باکس، پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا،عرفان خان کی اداکاری کو نا صرف بھارت میں بلکہ پاکستان میں بھی خوب پسند کیا جاتا ہے۔انہوں نے ہالی وڈ میں بھی کام کیا جس وجہ سے وہ پوری دنیا میں مقبول اداکار تھے،ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں تھی،بھارت اور پاکستان کی شوبز انڈسٹریز بھی عرفان خان کے انتقال پر غم سے نڈھال ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی موت پر کئی اداکاروں کی جانب سے اپنے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ عرفان خان بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل ایسے اداکار تھے جنہوں نے سینما کو بہت کچھ دیا۔وہ بہت جلدی چلے گئے اور اپنے پیچھے ایک بڑا خلا چھوڑ گئے ہیں۔
سیاسی رہنما راہول گاندھی کی جانب سے بھی عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ،انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ عرفان خان ایک ورسٹائل اور ماہر فنکار تھے۔

وہ فلم اور ٹی وی کی دنیا میں بھارت کے سفیر تھے۔
اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی فلم ’7خون معاف‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عرفان خان کی فیملی سے تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ آپ ہم میں سے بہت سارے لوگوں کے لیے یے ایک متاثر کن شخصیت تھے۔آپ نے اپنی صلاحیتوں سے لوگوں کے لئے راستے بنائے۔
۔

اداکارہ انوشکا شرما نے کہا کہ میں یہ پوسٹ بھاری دل کے ساتھ کر رہی ہوں۔عرفان خان کی پرفارمنس میرے لئے بہت متاثر کن رہی۔وہ اپنی زندگی کے لیے لڑتے رہے لیکن افسوس آج وہ ہم میں نہیں رہے۔
بھارتی فلمساز مہیش بھٹ نے بھی عرفان خان کی موت پر افسردگی کا اظہار کیا۔
اداکار اکشے کمار نے کہا کہ ہمارے زمانے کے بہترین اداکاروں میں سے ایک عرفان خان کے انتقال کے بارے میں سن کر افسوس ہوا۔

خدا اس مشکل گھڑی میں ان کے کنبہ کو صبر عطا کرے۔
اداکارہ پریٹی زنٹا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہیں عرفان خان کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا وہ ایک باصلاحیت اور ورسٹائل اداکار تھے۔
اداکارہ سجل علی نے کہاکہ انہیں بھارتی اداکار عرفان خان کی موت کا سن کر دھچکا لگا۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ مرحوم اداکار ایک باصلاحیت اداکار تھے،ان کی موت کا سن کر صدمہ ہوا۔

۔اس کے علاوہ بھی کئی نامور شخصیات نے عرفان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ عرفان کی والدہ تین روز قبل بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں انتقال کرگئیں تھیں ۔ملک گیر لاک ڈاؤن ہونے کے باعث عرفان خان نے والدہ کے جنازے میں ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے شرکت کی تھی۔