بھارت میں لاک ڈاؤن میں مزید 2ہفتے کی توسیع کردی گئی

ملک میں جن علاقوں میں حالات قابو میں ہیں وہاں کچھ نرمی کے ساتھ لاک ڈاؤن میں 14روز کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے: بھارتی ہوم منسٹری نے آگاہ کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعہ 1 مئی 2020 23:05

بھارت میں لاک ڈاؤن میں مزید 2ہفتے کی توسیع کردی گئی
ممبئی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی 2020 ) بھارت میں لاک ڈاؤن میں مزید 2ہفتے کی توسیع کردی گئی، بھارتی ہوم منسٹری نے آگاہ کیا ہے کہ ملک میں جن علاقوں میں حالات قابو میں ہیں وہاں کچھ نرمی کے ساتھ لاک ڈاؤن میں 14روز کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک کو ریڈ، اورنج اور گرین تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور اسی حساب سے لاک ڈاؤن میں سختی برتی جائے گی۔

تاہم ملک میں عبادگاہیں، سکول یونیورسٹیاں اور ذرائع آمدورفت بند ہیں جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کو آنے جانے کی اجازت ہے۔ دوسری جانب بھارت میں پلازما تھراپی سے علاج شدہ پہلا کورونا مریض ہلاک ہو گیا ہے۔ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والا 53 سالہ شخص وہ پہلا کورونا مریض تھا جس کا علاج پلازما تھراپی سے کیا گیا تھا۔تاہم 29اپریل کو اس کی لیلاوتی اسپتال میں موت واقع ہو گئی۔

(جاری ہے)

مریض پچھلے کچھ دن سے وینٹیلیٹر پر تھا اور اس کی بگڑتی حالت کو بہتر بنانے کے لئے آخری آپشن کے طور پر 4 دن پہلے پلازما تھراپی دی گئی تھی۔اسپتال کے ذرائع کے مطابق کورونا مریض کو 10 روز قبل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ، اس وقت ان کی حالت تشویشناک تھی۔53 سالہ مریض کو کورونا سے صحتیاب ہونے والی مریض سے 200 ملی لیٹر پلازما لے کر دیا گیا تھا، مختلف ممالک میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کے پلازما سے مریضوں کا علاج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بھارت میں کورونا مریضوں کی تعداد 35ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک 1152مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں کیسز کی تعداد میں تاحال اضافہ ہورہا ہے۔ اس صورتحال میں بھارت نے کرفیو میں 17مئی تک توسیع کا اعلان کردیا ہے گرین زونز میں تمام طرح کی سرگرمیوں کی اجازت دیدی گئی ہے ماسوائے ان کے جن کاموں پر قومی سطح پر پابندی لگائی ہے۔