باجوڑ میں محکمہ زراعت ایکسٹینشن نے علاقہ چارمنگ میں ٹڈی دل کیخلاف کاروائی

ہفتہ 9 مئی 2020 18:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2020ء)باجوڑ میں محکمہ زراعت ایکسٹینشن نے علاقہ چارمنگ میں ٹڈی دل کیخلاف کاروائی کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ضلع باجوڑ ضیاء الاسلام داوڑ نے اس حوالے سے بتایا کہ مقامی عمائدین کی جانب سے اطلاع ملی کہ گاؤں والہ چارمنگ تحصیل ناوگئی میں تھوڑی مقدار میں ٹڈیوں کی موجودگی پائی گئی ہے جس پر محکمہ زراعت (ایکسٹینشن)ضلع باجوڑ نے فوری طورپر مذکورہ علاقہ میں کیڑے مار ادویات کے ذریعے ٹڈیوں کیخلاف کاروائی شروع کی جورات 12بجے اختتام کو پہنچی۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا اور محکمہ کے سٹاف کیساتھ مکمل تعاون کیا۔مقامی لوگوں نے محکمہ زراعت ایکسٹینشن باجوڑ کی جانب سے ٹڈیوں کیخلاف اُٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

ادھرڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ کی ہدایت پر محکمہ زراعت نے تحصیل ماموند نعمت خان کلے میں ٹڈی دل کی روک تھام کیلئے اسپرے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے مکمل خاتمے کیلئے اسپرے جاری رکھا جائے تاکہ جلد از جلد ٹڈی دل پر قابو پایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کواس ضمن میں واضح ہدایت جاری کی ہیں اورعوام الناس سے بھی اپیل ہے کہ اگر کسی علاقے میں ٹڈی دل نظر آئے تو فوراً ضلعی انتظامیہ یا محکمہ زراعت سے رابطہ کریں تاکہ اس کے تدارک کیلئے بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔