متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے 680 کیسز رپورٹ، مزید 3مریض جاں بحق

کورونا کے نئے مریضوں کے بعد امارات میں کورونا متاثرین کی گنتی 18,878 ہو گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 11 مئی 2020 23:08

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے 680 کیسز رپورٹ، مزید 3مریض جاں بحق
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 680 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کُل گنتی 18,878تک جا پہنچی ہے۔وزارت صحت کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 3 مریض دم توڑ گئے ہیں، اس طرح مملکت میں کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی گنتی 201تک جا پہنچی ہے۔

مملکت میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی کُل گنتی 5,381 ہو گئی ہے۔ جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 13,296 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب کچھ روز قبل متحدہ عرب امارات کے سربراہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان، دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم، ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے امارات میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو خوش خبری دی کہ اماراتی طبی مرکز میں کورونا وائرس کے کامیاب علاج کا تجربہ کامیاب ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی کے سٹَیم سیل سنٹر میں ڈاکٹروں اور ریسرچرز کی ایک ٹیم نے سٹیم سیل کے ذریعے کورونا کا مرض ختم کرنے کا طریقہ دریافت کیا ہے۔ اس طریقہ میں کورونا کے مریض کے ختم سے سٹیل سیلز نکالے جاتے ہیں اور پھر انہیں ایکٹیویٹ کر کے دوبارہ مریض میں منتقل کر دیئے جاتے ہیں، جس سے مریض جلد شفایاب ہو جاتا ہے۔ اس منفرد علاج کا تجربہ 73 مریضوں پر کیا گیا ہے سب کے سب شفایاب ہوگئے. مریض کے خون سے نکالے گئے سٹیم خلیے ناک کے ذریعے پھیپھڑوں میں پہنچائے گئے.اس طریقہ علاج کی بدولت پھیپھڑے میں نئے خلیے پیدا ہوتے ہیں اور نئے کورونا کے وائرس کو لگنے سے روک دیتے ہیں. علاوہ ازیں مزید صحت مند خلیوں کو نقصان پہنچانے سے بھی بچاتے ہیں۔

امارات کے سربراہ شیخ خلیفہ بن زاید نے امارات کے عوام اور تارکین وطن کی جانب سے ابوظبی سٹیم سیل کے ڈاکٹرز، ریسرچرز اور دیگر عملے کا کورونا کے علاج میں اہم پیش رفت کرنے پر ان کا شکریہ اداکیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طریقہ علاج سے دُنیا بھرمیں پھیلی کورونا وبا کے خاتمے میں بے پناہ مدد مِلے گی۔