بحرین میں کورونا مریضوں کی گنتی 5,409 ہو گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 173کیسز سامنے آ گئے، ایک اورمریض ہلاک

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 مئی 2020 16:56

بحرین میں کورونا مریضوں کی گنتی 5,409 ہو گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14مئی 2020ء) بحرین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 173 افرادمیں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے، جس کے بعد مملکت میں کورونا مریضوں کی گنتی 5,409 تک جا پہنچی ہے۔نئے مریضوں میں سے 121 تارکین وطن ہیں، جن میں سے 52 افراد پہلے سے کورونا کے شکار افراد سے رابطے کے نتیجے میں اس موذی مرض کا شکار ہوئے۔ بحرینی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ایک بحرینی مریض کورونا کے ہاتھوں جاں بحق ہو گیا ہے، متوفی کی عمر 80 برس تھی جو پہلے بھی مختلف امراض کا شکار تھا۔

وزارت کی جانب سے وفات پانے والے بحرینی مریض کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا گیا ہے۔ تازہ ترین ہلاکت کے بعد مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی گنتی 9 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز 30کورونا مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے، جس کے بعد شفا یاب ہونے والوں کی کل گنتی 2,182ہو گئی ہے۔ مملکت میں اب تک 1لاکھ 96ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ چکے ہیں۔

مملکت میں اس وقت ہسپتالوں میں زیر اعلاج کورونا مریضوں کی گنتی 3,218 ہے۔جن میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے۔ اس کے علاوہ کورونا کے شُبے میں سینکروں افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے، جن کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد ہی صورت حال واضح ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل بحرین کے ایک خاندان کے 16 افراد کورونا سے متاثر ہو گئے تھے۔ میڈیا کے مطابق ایک بحیرینی خاندان افطار کی دعوت پر اکٹھا ہوا۔

ان میں سے ایک شخص کورونا سے متاثرتھا، جس کی وجہ سے افطار کی اس تقریب میں موجودتمام افراد کورونا سے متاثر ہو گئے۔ وزارت صحت کے مطابق ان افراد نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اجتماعی دعوت میں شرکت کی۔ اس دوران سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کیا گیا، جبکہ ماسک اور گلوز پہننے جیسی احتیاطی تدابیر بھی اختیار نہ کی گئیں، جس کا نتیجہ اس خاندان کے 16 افراد میں کورونا کی تشخیص کی صورت میں ظاہر ہوا ہے۔ متاثرہ افراد میں بچوں کے علاوہ بوڑھے بزرگ بھی شامل ہیں۔