کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے، شاہد خاقان عباسی

جمعرات 14 مئی 2020 17:11

کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے قومی اسمبلی کی کمیٹی بنائی جائے جو روزانہ کی بنیاد پر حالات پر نظر رکھے۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ لاجز میں دیگر لیگی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے پاس کورونا سے نمٹنے کا منصوبہ نہیں ہے، لاک ڈاؤن لگانے اور کھولنے کی حکمت عملی بھی واضح نہیں ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا۔ اجلاس میں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا، حکومتی حکمت عملی سے متعلق وزیر خارجہ ایوان کو کچھ نہیں بتا سکے، حکومتی پالیسی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی کی کورونا پر نظر رکھنے کیلئے کمیٹی بنائے جائے جو صورتحال پر روزانہ کی بنیاد پر نظر رکھے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کل اجلاس کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔ اس وقت تین لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں، ایک ملین آبادی پر ایک ہزار ٹیسٹ ہونا چاہئے مگر 22 کروڑ عوام میں صرف تین لاکھ ٹیسٹ ہوئے ہیں، اعداد و شمار لاکھوں سے کروڑوں میں جا سکتے ہیں۔