اسلام آباد اور راولپنڈی کیلئے اربن فلڈنگ وارننگ جاری

جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل، نالہ لی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 مئی 2020 19:59

اسلام آباد اور راولپنڈی کیلئے اربن فلڈنگ وارننگ جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2020ء) اسلام آباد اور راولپنڈی کیلئے اربن فلڈنگ وارننگ جاری، جڑواں شہروں میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل، نالہ لی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مغربی ہواوں کے سلسلے کے داخلے کے بعد سے ملک کے کئی علاقوں خاص کر اسلام آباد اور پنجاب کے علاقوں میں موسلا دھار اور طوفانی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی کیلئے اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کر نا پڑااو ر دوسری منزل کی چھتوں پر شفقت ہوگئے ،نالہ لی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ بتایا گیا ہے راولپنڈی کے مختلف علاقے میں پانی داخل ہوگیا۔ بارشی پانی گھروں میں داخل ہونے پر شہری محصور ہوگئے۔ راولپنڈی میں شام تک تک مجموعی طور پر 40 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ سید پور کے مقام پر 17،گولڑہ 20،شمس آباد59،چکلالہ میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 13،گوالمنڈی میں دس فٹ تک بلند ہو گئی۔ کٹاریاں میں پانی کی سطح پونے سولہ،گوالمنڈی 14 فٹ ہونے پر الرٹ وارننگ جاری کی جائے گی ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب،بالائی خیبر پختونخواہ ،، گلگت بلتستان اور کشمیر کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔