مسجدابراہیمی کی وقف شدہ اراضی پر یہودی کالونی کی تعمیر کے لیے قبضہ

جمعرات 14 مئی 2020 20:51

الخلیل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2020ء) قابض صہیونی ریاست اسرائیل کی انتطامیہ نے مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں قائم مسجدابراہیمی کی وقف شدہ اراضی پر یہودی کالونی کی تعمیر کے لیے قبضہ کرلیا ہے۔فلسطین کے خبر رساں ادارے کیمطابق صہیونی فوج کی طرف سے گذشتہ روز مسجد ابراہیمی کی وقف شدہ اراضی پرقبضہ کرنے کے بعد وہاں پر تعمیراتی کام شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینٹ نے مسجد ابراہیمی سے متصل اراضی پر ایک نئی یہودی کالونی تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے میں ایک کار پارکنگ ، یہودی آبادکاروں کی مسجد ابراہیمی تک رسائی کے لیے ٹریک کا قیام اور یہودی آباد کاروں کے لیے رہائشی فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ صہیونی حکام کی طرف سے اراضی پر اعتراض کے لیے فلسطینیوں کو 60 دن کے اندر اندر اعتراض پیش کرنے کی اجازت دی ہے۔مسجد ابراہیمی کے قریب یہودی کالونی کے منصوبے کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاھو اور وزیر خارجہ یسرائل کاٹز بھی منظوری دے چکے ہیں۔