سندھ حکومت نے عید سے قبل ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کا اعلان کردیا

عید سے قبل ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عوام کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ وزیر سندھ ٹرانسپورٹ اویس شاہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 مئی 2020 20:10

سندھ حکومت نے عید سے قبل ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کا اعلان کردیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مئی 2020ء) سندھ حکومت نے عید سے قبل ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کا اعلان کردیا، عید سے قبل ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، عوام کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ عید سے قبل ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کورونا وائرس وبائی شکل اختیار کرچکا ہے۔

اس لیے عوام کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ٹرانسپورٹ کھولنے کی درخواست کا احترام کرتے ہیں، لیکن صوبے میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ دوسری جانب پنجاب میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مسیحی برادری کو چرچ میں اتوار کی عبادات کی اجازت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شاپنگ مالزکھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ آٹو موبائل انڈسٹری اور پاور لومز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

موبائل فونز اور اس سے منسلک دیگر شعبوں کو بھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ تمام فیصلے کابینہ کمیٹی برائے انسدادِ کورونا کے اجلاس میں کیے گئے ہیں۔ یاد رہے پنجاب حکومت نے ٹرانسپوٹرز کے ساتھ مل کر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کھولنے کیلئے ایس اوپیز تیار کیے تھے۔ جس کے تحت بس میں2 سیٹوں پر ایک مسافر سفر کرے گا۔ اسی طرح 2 مسافروں میں 3 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کیلئے فیس ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال بھی لازمی ہوگا۔ ٹرانسپورٹرز کو یقنی بنانا ہوگا کہ بس میں سوار ہونے کیلئے اگلا دروازہ اور اترنے کیلئے پچھلا دروازہ استعمال ہوگا۔ اسی طرح روٹ مکمل ہونے کے بعد بس میں جراثیم کش سپرے کرنا ہوگا۔ بسوں میں اے سی کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔