صوبائی حکومت ٹڈی دل سے فصلات کو پہنچے والی نقصانات سے بچانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوبائی وزیر زراعت

منگل 19 مئی 2020 21:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2020ء) صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ٹڈی دل سے فصلات کو پہنچے والی نقصانات سے بچانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں اسپرے کا عمل تیزی سے جاری ہے،زرا عت کے متعلقہ حکام تمام اضلاع میں اسپرے کے عمل کو مزید بہتر بنائیں۔

ان خیالات اظہار انہوں نے صوبے میں ٹڈی دل کے خاتمے اور اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت قمبر دشتی، ڈاریکٹر جنرل زراعت مسعود بلوچ، ڈاریکٹر عارف شاہ کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ زراعت صوبے کے تمام اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ لوٹی، ڈیرہ بگٹی، لہڑی، بختیار آباد، خاران اور دیگر علاقوں میں فضائی اسپرے بھی کیا جاچکا ہے، صوبے بھر میں 166ٹیمیں مختلف اداروں کے تعاون سے ٹڈی دل کے تدارک کے لئے مصروف عمل ہیں، اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ٹڈی دل عالمی شکل اختیار کرچکا ہے اور اس کے تدارک اور خاتمے کے لئے محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں کو مسلسل اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اس کی افزائش حمل کو روکا جاسکے، انہوں نے کہا کہ زمینداروں کو ٹڈی دل سے پہنچنے والی نقصانات کے پیش نظر محکمہ زراعت اپنی استعداد کار میں مزید تیزی لائے تاکہ نقصانات کی شرح کو کم سے کم کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لئے متعلقہ حکام کسی بھی لاپروائی اور کوتاہی سے گریز کریں، حکومت زمینداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان سے ہر ممکن تعاون اور مدد کریگی۔

متعلقہ عنوان :