حکومت ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے میں سنجیدہ ہے، ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات پورے کریں گے، میاں اسلم اقبال

بدھ 20 مئی 2020 23:41

لاہور۔20 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) وزیرا علیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں قائم ہونے والی کمیٹی سے بدھ کو ٹرانسپورٹ ہاؤس میں ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ہوئے جس میں پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد اور ٹرانسپورٹروں کے مطالبات پرغور ہوا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد الرحمان گیلانی، ٹرانسپورٹ اتحاد کی ایکشن کمیٹی کے سربراہ عصمت اللہ نیازی اور دیگر ٹرانسپورٹرز اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلانے میں سنجیدہ ہے تا کہ عام آدمی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے تا کہ عام آدمی کی سواری سڑکوں پر رواں دواں ہو۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا کہ عام آدمی کو مشکلات سے بچانا اور بہتر سے بہتر سفری سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے پر جانے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی نہیں کی جائے گی،سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے ایک سیٹ چھوڑ کر ایک سیٹ پر مسافر بیٹھے گا۔ تمام مسافر ماسک پہنیں گے اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال بھی یقینی بنانا ہو گا۔جبکہ جی ٹی روڈ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی ہو گی اور حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

ہاں اگر ایک خاندان ایک شہر سے دوسرے شہر جا رہا ہے تو وہ اکھٹے بیٹھ سکتے ہیں تاہم انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی اور بسوں کو ڈس انفیکٹ کیا جانا بھی لازم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے بینکوں کے ذریعے لیز پر لی گئی گاڑیوں کی ادائیگی موخر کرنے کا کہا ہے اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ وفاقی حکومت کو فوری خط لکھے گا۔ ٹرانسپورٹرز نے ٹال ٹیکسز وغیرہ ختم کرنے کی بھی بات کی ہے جو ہمارے لئے ممکن نہیں ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے اجلاس میں معاملہ اٹھایا ہے کہ2018ء سے بسوں کے کرائے نہیں بڑھائے گئے، کرایوں کو ریشنلائز کرنے کیلئے معاملہ کابینہ میں رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عام آدمی کا مفاد بے حد مقدم ہے اور اس کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :