جہلم، ٹائیگر فورس کی تقریب حلف برداری،ڈپٹی کمشنر جہلم، ارکان صوبائی اسمبلی سمیت دیگر ضلعی افسران کی شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 21 مئی 2020 16:50

جہلم، ٹائیگر فورس کی تقریب حلف برداری،ڈپٹی کمشنر جہلم، ارکان صوبائی ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں پر بھر پور اعتماد کرتے ہوئے کرونا ٹائیگرز فورس تشکیل دی ہے تاکہ وہ کرونا کے علا وہ دیگر معاملات میں انتظامیہ کی معاونت کرسکے ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے آج یہاں نجی میرج ہال میں ٹائیگر فورس کی تقریب حلف برادر ی کے حوالہ سے منعقدہ کورونا ریلیف ٹائیگرز کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ربنواز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی او انفارمیشن، ریونیو افسران سمیت ضلع بھرسے تعلق رکھنے والے کورونا ریلیف ٹائیگرز موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز لوگوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔

انہوں نے کورونا ریلیف ٹائیگرز کو ہدایت کی کہ جو کام بھی آ پ کے ذمہ لگایا جائے اسے بھر پور محنت سے ادا کریں تاکہ لوگوں کو ایک تبدیلی نظر آئے ۔ تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی نے کہا کہ کوروناسے نمٹنے کے لئے ہمیں ساتھ مل کر کام کرناہے تاکہ معاشرے کو اس وبا سے چھٹکارا دلایا جا سکے ۔ حکومتی ایس او پیز پر عمل در آمد کرانے کے لئے کووناریلیف ٹائیگرز فورس سے بھر پو رمعاونت لی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز کورونا ریلیف کے حوالہ سے انتظامیہ کی معاونت کریں اور جو کام انہیں سونپا جائے وہ محنت اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے انجام دیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا ریلیف ٹائیگرز مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے ،احساس کفالت مراکز، گندم خریداری مراکز، ہسپتال، قرنطینہ مراکز، بازار، دکانوں، یوٹیلٹی سٹورز، فروٹ وسبزی منڈی، راشن کی تقسیم اور دیگر امور کے حوالہ سے ایس او پی کے مطابق اپنی خدمات سرانجام دیں گے ۔

اس موقع پر راجہ یاور کمال نے کورونا ریلیف ٹائیگرز سے اپنی ذمہ داریاں نہایت شاندار انداز میں انجام دینے اور حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے کی اصلاح کے لئے حلف لیا تاکہ لوگ کورونا سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے تاکہ کورونا سے محفوظ رہ سکیں۔