وزیراعظم عمران خان جو کہتے ہیں وہ کرکے بھی دکھاتے ہیں، چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ میں جن افراد کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا،

اپوزیشن پہلے کہتی رہی چینی سکینڈل رپورٹ نہیں آئے گی لیکن وزیر اعظم نے کسی ایک لفظ کی تبدیلی کے بغیر ہی چینی سکینڈل فرانزک رپوٹ پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا ، ہمیں سیاسی نہیں قومی مفادات عزیز ہیں کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، کورونا بحران میں پی ڈی این کے پلیٹ فارم سے دس لاکھ غریب خاندانوں میں راشن فراہم کیا جاچکا ہے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا مختلف تقاریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 مئی 2020 22:19

وزیراعظم عمران خان جو کہتے ہیں وہ کرکے بھی دکھاتے ہیں، چینی سکینڈل ..
لاہور۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جو کہتے ہیں وہ کرکے بھی دکھاتے ہیں وہ ڈرتے نہیں۔ چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ میں جن افراد کی نشاندہی کی گئی ہے ان کے خلاف قانون ضرور حرکت میں آئے گا۔ موجودہ حکومت کی دو ٹوک پالیسی ہے کہ کسی بھی جرم میں ملوث شخص خواہ کتنا ہی مضبوط اور قریبی کیوں نہ ہو وہ سزا سے بچ نہیں سکے گا۔

اپوزیشن پہلے کہتی رہی چینی سکینڈل رپورٹ نہیں آئے گی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے کسی ایک لفظ کی تبدیلی کے بغیر ہی چینی سکینڈل فرانزک رپوٹ پبلک کرنے کا وعدہ پورا کردیا ہے۔ ہمیں سیاسی نہیں قومی مفادات عزیز ہیں کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

کورونا بحران میں پی ڈی این کے پلیٹ فارم سے دس لاکھ غریب خاندانوں میں راشن فراہم کیا جاچکا ہے۔

وہ ہفتہ کے روز سماجی کارکن چوہدری واجد محمود کی رہائش گاہ پر ایک ہزار غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب ، سرور فائونڈیشن فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح اور ہنر گاہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور اور سماجی کارکن واجد محمود ، ترجمان پنجاب حکومت راجہ اسد اقبال ، فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا پنجاب حکومت میاں انس اسلم ڈولہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ملک کو کرپش ،ظلم اور ناانصافی جیسے جرائم سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے اور وزیر اعظم عمران خاں پہلے دن سے یہ کہہ رہے ہیں کہ شفاف اور بلاتفریق احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائیے گا۔ چینی سکینڈل فرانزک رپورٹ بھی عوام کے سامنے آچکی ہے اور انشا اللہ آئین اور قانون کے تحت ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جیسے کورونا بحران آیا ہے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ ہم فلاحی تنظیموں کے ساتھ ملکر غریب خاندانوں کو راشن فراہم کررہے ہیں اور اب تک دس لاکھ سے زائد غریب خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عید کے لئے مارکیٹوں اور بازاروں کے لئے لاک ڈائون میں نرمی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کورونا ختم ہوچکا ہے بلکہ ڈاکٹرز سمیت تمام متعلقہ لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس میں مزید شدت آئے گی اس لئے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ کورونا سے بچائو کے لئے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ جہاں بھی لوگ کوورنا سے بچائو کے لئے حفاظتی اقدامات نہیں کررہے وہاں کروونا پھیلنے کے زیادہ خدشات ہیں اور کورنا بچائو کے لئے حفاظتی اقدامات نہ کرنے والے نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کی جان کے بھی دشمن ہیں اس لئے ہمارے پاس کورونا سے بچائو کے لئے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کے علاوہ کوئی اورآپشن نہیں۔ بیگم پروین سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرور فائونڈیشن اب تک بیس ہزار سے زائد غریب خان دانوں میں راشن فراہم کر چکی ہے اور ہم صرف پنجاب میں نہیں بلکہ پورے ملک میں غریب عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس بھی لگارہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو سلائی کڑھائی اور دیگر مفت ہنر سکھانے کے لئے ہنر گاہ سینٹرز بھی بنائے جارہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ غریب عوام کی مضبوطی ، ترقی اور خوشحالی ہی ہماری زندگی کا مشن ہے جس کے لئے ہم تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔