قبلہ اول 72 سال سے صہیونی قبضے میں ہے : پیر اعجازہاشمی

جمعہ 22 مئی 2020 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیراعجازاحمد ہاشمی نے کہا ہے کہ قبلہ اول کی آزادی مسلمہ حقیقت ہے۔ انشاء اللہ فلسطین آزاد ہو گا۔مظلوم فلسطینی اپنی کھوئی ہوئی سر زمین پر واپس جائیں گے اور یہودیوں کو نکال باہر کریں گے۔مسئلہ فلسطین صرف زمین کے قبضے کا ہی نہیں بلکہ مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ بھی ہے ۔

خانہ کعبہ سے پہلے مسلمان بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے تھے ۔ہمارا قبلہ اول 72 سال سے صہیونی قبضے میں ہے اور مسلمان حکمران غفلت کی نیند سو رہے ہیں۔ بے غیرت مسلم حکمرانوں کی غیرت کو جگانے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے مسلمانوں میں بیداری کی لہر آنی چاہیے ۔باتیں بہت ہوچکیں ہمیںباہم متحد ہوکر عملی میدان میں عالمی فورم استعمال کرتے ہوئے فلسطینیوں کی پشت پر کھڑے ہونا ہوگا ، تاکہ اقوام متحدہ کے ذریعے مظلوم فلسطینی مسلمان بھائی آزادی حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ افسوس ہے کہ مسلمانوں کے مسائل اقوام متحدہ حل نہیں کرتالیکن جہاں امریکہ کی سرپرستی ہو وہاں مسلمانوں کو دبا دیا جاتا ہے ۔ آج مسلمانوں کی غیرت کا تقاضا ہے کہ فلسطین ،کشمیر اور روہنگیا کے مسلمانوں کو آزادی ملنی چاہیے۔ ۔