مقتول سعودی صحافی خاشقجی کے اہل خانہ نے قاتلوں کو معاف کر دیا

ہفتہ 23 مئی 2020 00:04

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2020ء) مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے اپنے والد کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس معافی نامے کے بعد اس واردات میں ملوث افراد سزائے موت سے بچ سکتے ہیں، مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کے اہل خانہ نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ ان پانچوں افراد کو معاف کر رہے ہیں، جو ان کے والد کے قتل میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

خاشقجی کے بیٹے صلاح نے ٹویٹر پر لکھا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں ہمیں یاد ہے کہ خدا معاف کرنے اور صلح کرنے والے کو پسند کرتا ہے۔ اسی وجہ سے ہم جمال خاشقجی کے بیٹے ان افراد کو معاف کرتے ہیں، جنہوں نے ہمارے والد کو قتل کیا تھا۔ اور ہم اس کا صلہ صرف خدا سے ہی چاہتے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے خیال میں خاشقجی کے اہل خانہ کی جانب سے اس معافی کے بعد ان پانچ بے نام مجرموں کی سزا ختم ہو سکتی ہے، جنہیں سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔ خاشقجی کو دو اکتوبر 2018ء میں استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ برس دسمبر میں اس قتل میں ملوث ہونے کے جرم میں سعودی عرب میں پانچ افراد کو سزائے موت جبکہ تین مجرمان کو دو سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔