دنیا کا واحد ملک جہاں آج عید منائی گئی

کینیڈا میں کل شوال کا چاند نظر آگیا تھا، کینیڈین امام کونسل کے اعلان کے بعد آج 23 مئی بروز ہفتہ کو عید منائی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 مئی 2020 18:35

دنیا کا واحد ملک جہاں آج عید منائی گئی
اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2020ء) دنیا کا واحد ملک جہاں آج عید منائی گئی، کینیڈا میں کل شوال کا چاند نظر آگیا تھا، کینیڈین امام کونسل کے اعلان کے بعد آج 23 مئی بروز ہفتہ کو عید منائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کینڈا دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں آج 23 مئی بروز ہفتہ کو عید الفطر منائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ کینیڈا کی امام کونسل کی جانب سے کل بروز جمعہ 22 مئی کو شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلایا گیا تھا۔

اجلاس کے دوران ملک کے کئی علاقوں سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد امام کونسل نے اعلان کیا کہ عید الفطر 23 مئی بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ دوسری جانب بیشتر اسلامی ممالک میں کل شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا، اس لیے ان ممالک میں کل 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر منائی جائے گی۔

(جاری ہے)

سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، دیگر خلیجی ممالک، عراق، قطر ،اردن اور دیگر اسلامی ممالک میں عید الفطر کل اتوار کو منائی جائے گی۔

سعودی عرب میں شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کے باعث سرکاری حکام نے اعلان کیا تھا کہ یکم شوال اتوار 24 مئی کو ہوگی اور عید الفطر بھی اسی کی مناسبت سے 24 مئی کو منائی جائیگی۔ سعودی عرب کے ماہرین فلکیات نے پہلے ہی پیشن گوئی کی تھی کہ سعودی عرب میں عید الفطر 24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ جبکہ پاکستان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر باقی اسلامی ممالک کیساتھ کل 24 مئی کو منائی جائے گی۔ جبکہ پاکستان کے ماہرین فلکیات اور موسمیات کے مطابق ملک میں آج شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔