ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی میگا سکینڈل کمیشن کی رپورٹ سامنے لائی گئی ہے، فیاض الحسن چوہان

اتوار 24 مئی 2020 01:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے چینی سکینڈل کی رپورٹ منظرعام پر لانے کے حوالے سے پریس کانفرس پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی میگا سکینڈل کمیشن کی رپورٹ سامنے لائی گئی ہے، کیا ہی اچھا ہوتا اگر (ن) لیگی قیادت اس بات پر دل بڑا کرتی اور وزیرِ اعظم عمران خان کو میرٹ کی بالادستی قائم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتی مگر وزیرِ اعظم عمران خان کے دائمی بغض اور حسد کے مرض میں مبتلا (ن) لیگ اس رپورٹ سے بھی کیڑے نکال رہی ہے، فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شاید رپورٹ منظرعام پر لانے کا واویلا کرنے والے چاہتے ہیں نتائج بھی انہی کی مرضی کے ہوں، انہوں نے کہا کہ دراصل (ن) لیگ کو عید کے بعد شہباز شریف کی گرفتاری نظر آ رہی ہے اس لئے وہ حکومت کے خلاف الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں، وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ چینی سکینڈل رپورٹ کے مطابق زرداری خاندان کا اومنی گروپ، مراد علی شاہ اور شہباز شریف نے آٹا چینی سکینڈل سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا اور میاں شہباز شریف حسب سابق ٹکے ماری اور دو نمبری میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔