عیدالفطر پر پنجاب حکومت کا عوام کو بھرپور ریلیف‘ زندہ مرغی 235روپے کلو میں فروخت ہوتی رہی

موجودہ حکمرانوں نے جن نعروں پر ہم سے ووٹ لیے تھے حکومت میں آکر حکمرانوں نے اس کے بالکل برعکس کرنا شروع کر دیا ہے ادویات کی قیمتوں میں 200سے 400فیصد اضافہ کیا گیا‘بجلی اور گیس کے بلوں میں بے تحاشا اضافہ کیا گیا‘دالوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں حکومت کی جانب سے ہر چیز میں بھرپور ریلیف دینے پر عوام الناس کا موجودہ حکمرانوں کو خراج تحسین

منگل 26 مئی 2020 12:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2020ء) پنجاب حکومت کی جانب سے عیدالفطر موقع پر عوام کو بھرپور ریلیف دیتے ہوئے زندہ مرغی جو عید سے چند دن پہلے تک 140روپے کلو میں فروخت ہو رہی تھی عیدالفطر سے ایک روز قبل 235روپے کلو میں فروخت ہوتی رہی اور حکومت مزے کی نیند سوتی رہی-بڑا گوشت اور چھوٹا گوشت عوام کی اکثریت خریدنے کی سکت نہیں رکھتی تھی اور وہ مرغی پر گزارہ کر لیتے تھے لیکن موجودہ عید کے موقع پر حکومت نے عوام الناس کو مرغی کے گوشت سے بھی محروم کر کے بھرپور ریلیف دیا-راولپنڈی کی عوام نے حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو کیا خوب ریلیف دیا ‘عوام الناس کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے تو جن نعروں پر ہم سے ووٹ لیے تھے اور اقتدار میں آ کر بالکل ا س سے برعکس کرنے لگ گئے جس پر ہم حیران بھی ہیں اور پریشان بھی ‘کیونکہ بجلی اور گیس کے بل ادا کریں یا بچوں کو سکولوں میں پڑھائیں -ادویات کی قیمتوں میں 200فیصد سے 400فیصد تک اضافہ کیا گیا-دالوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں-کون سی چیز ہے جس پر موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف نہیں دیا-حکومت نے عیدالفطر موقع پرزندہ مرغی اور مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100فیصد اضافہ کر کے عوام کو ایک اور ریلیف دیا جس پر ہم اپنی پیاری حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں-