شہر میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی جاری ہے ، مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاجی تحریک شروع کریں گے‘ خرم شیرزمان

منگل 26 مئی 2020 19:20

کراچی۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان نے شہر میں پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر بورڈ نے عید کے دنوں میں کراچی کو کربلا بنادیا ہے، پانی کامسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج شروع کریں گے ،شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی کمی اہم مسئلہ بنا ہوا ہے۔

انہوں نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ واٹر بورڈ انتظامیہ اپنا رویہ درست کرلیں، سندھ حکومت کے وزراء کے حلقوں میں پانی کی فراہمی بدستور جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ۔پیپلزپارٹی کی حکومت پانی کے کے فور منصوبے کو بنانے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے ۔ صدر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن نے مزید کہا کہ شہر میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے،واٹر ہائیڈرنٹ مافیا کی عیدی مہم عروج پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رہائشی علاقوں کا پانی بند کرکے ہائیڈرنٹ کے ذریعے فروخت کیا جارہا ہے،واٹر بورڈ کے عملے نے ٹینکر کی قیمت دگنی کردی ہے۔ خرم شیرزمان نے کہا کہ لانڈھی ہائیڈرنٹ کے باہر پانی کے پیاسے مکین احتجاج پر مجبور ہیں، گھروں کا پانی بند کرکے کئی گنا قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم شہر میں نفرتوں کا سبب بنے گی، پانی کی قلت نہیں ہے ، سندھ حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ہے ۔