پی آئی اے طیارہ حادثہ ، ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ تمام ریکارڈ بھی تفتیشی افسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا جائے ۔ کراچی کی مقامی عدالت میں دائر درخواست کا موقف

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی جمعرات 28 مئی 2020 13:44

پی آئی اے طیارہ حادثہ ، ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر
کراچی ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 28 مئی 2020ء ) پی آئی اے طیارہ حادثے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں پی آئی اے طیارہ حادثہ کا مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی ، درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ تمام ریکارڈ بھی تفتیشی افسر کو فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولس ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کررہی جو معاملات کو مشکوک کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ دار وزیر ہوا بازی غلا م سروع ،چیف کنٹرولر اور چیئرمین پی آئی اے ہیں۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ تفتیشی افسروں کو تمام تر ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ بات بھی قابل غوررہے کہ کراچی میں مسافر طیارہ گرنے کے حادثے کی تحقیقات ابھی تک مکمل نہیں ہو سکیں۔

ابھی تک طیارہ حادثے میں گم شدہ وائس ریکارڈر نہ مل سکا ہے۔ واضح رہے کراچی ایئرپورٹ کے قریب عید سے 22 مئی کو دوپہر سوا دو بجے کے قریب پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 8303 گر کر تباہ ہوگئی تھی۔ایئربس میں100 کے قریب افراد سوار تھے جن میں 99 مسافر اور عملے کے 8 افراد شامل تھے۔ ایئربس 320 ایک بج کر 10 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

پی آئی اے کی پرواز لاہور سے کراچی پہنچی تھی کہ لینڈنگ سے قبل طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس معاملے کی ابھی تک تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، چونکہ یہ طیارہ رہائشی علاقے میں گرا تھا، اس لئے اس کی تفتیش میں زیادہ وقت درکار ہے، تا ہم فرانسیسی ماہرین کی ٹیم کو اس حوالے سے پاکستان بلا لیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر جا کر واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔