سات ممالک کے 40 فنکاروں کا وباء کے دنوں میں امید کا گانا

کورونا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے ،تمام ممالک کے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، تاہم ’اے خدا‘ جیسے گانے ،مشترکہ منصوبے لوگوں میں امید اور حوصلہ پیدا کرنے کا کام کر سکتے ہیں،کاشان آدمانی

ہفتہ 30 مئی 2020 12:05

سات ممالک کے 40 فنکاروں کا وباء کے دنوں میں امید کا گانا
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) دنیا بھر میں پھیلی کورونا وائرس کی وباء کے باعث خوف کو کم کرنے کیلئے اگرچہ حکومتیں کوشاں ہیں، تاہم اس ضمن میں کئی ممالک کے فنکار بھی لوگوں میں امید پیدا کرنے کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔وباء کے دنوں میں لوگوں میں امید پیدا کرنے کے لیے ایسا ہی قدم پاکستان سمیت دنیا کے 7 ممالک کے 40 موسیقاروں اور گلوکاروں نے بھی اٹھایا اور انہوں نے مشترکہ طور پر ایک گانا جاری کردیا۔

’وی آر ون‘ اے خدا کے عنوان سے جاری کیے گئے گانے کو پاکستان کے معروف موسیقار و گلوکار کاشان آدمانی نے کمپوز کیا ہے اور اسے پاکستان میں ڈریم سٹیشن پروڈکشنز کے بینر تلے یوٹیوب پر جاری کیا گیا۔’اے خدا‘ کی اردو شاعری صابر ظفر جبکہ انگریزی شاعری بابر شیخ نے لکھی ہے اور گانے میں مجموعی طور 7 ممالک کے 40 موسیقاروں، گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگا کر لوگوں میں امید پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

گانے میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، برازیل اور روس سمیت پاکستان کے فنکاروں، موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔گانے میں آواز کا جادو جگانے اور فن کا مظاہرہ کرنے والوں میں اگرچہ زیادہ تر پاکستانی ہیں، تاہم امریکا سمیت دیگر ممالک کے بھی ایک سے زائد موسیقاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہر کیا ہے۔گانے کی موسیقی اور شاعری کو سنتے ہی امید کی آس دل میں اٹھنے لگتی ہے جب کہ فنکاروں کی جذباتی پرفارمنس بھی قابل تعریف ہے۔

کاشان آدمانی نے کہا کہ کورونا کی وباء نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور تمام ممالک کے لوگ اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، تاہم اے خدا جیسے گانے اور مشترکہ منصوبے لوگوں میں امید اور حوصلہ پیدا کرنے کا کام کر سکتے ہیں۔