آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا امکان

وفاقی بجٹ 2020-21ء میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 20 فیصد تک اضافہ متوقع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 30 مئی 2020 12:36

آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ 2020-21ء میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا امکان ہے اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ متوقع ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔

ابتدا میں 20 فیصد سے 50 فیصد تک اضافے کی مختلف تجاویز دی گئی لیکن کورو نا کے باعث ملکی معاشی صورتحال کے مدنظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 20 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے تجاویز و سفارشات کی تیاری کا کام تیز کر دیا گیا ،آئندہ مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 3 فیصد رکھنے کی تجویز دی گئی ۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس ریونیو کا ہدف 5100 ارب روپے رکھنے کا امکان ہے ،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا، ٹیکس وصولی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق مہنگائی کی شرح کا ہدف 8.4 فیصد، مالی خسارے کا ہدف 5.8 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ،اگلے سال بھی عالمی مالیاتی اداروں سے بھاری مالی امداد ملنے کا تخمینہ ہے ،قرضوں کی شرح جی ڈی پی کے 85 فیصد تک لانے کا پلان ہے ، کرنٹ اکاونٹ خسارے کا ہدف 4 ارب 60 کروڑ ڈالرز رکھنے کی تجویز دی گئی ،آئندہ سال دفاعی بجٹ 1402 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ، حکومتی امور کو چلانے کے لیے 495 ارب روپے مختص کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق زراعت، آئی ٹی تعمیراتی اور صنعتی شعبوں کیلئے مراعات فراہم کی جائیں گی ۔ ذرائع ایف بی آر کے مطابق تقریبا دو ہزار درآمدی آئٹمز پر ڈیوٹیز میں کمی کی تجویزہے ،کسٹم، ایکسائز، ریگولیٹری اور ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹیز میں 2 سے 3 فیصد کمی متوقع ہے