ملک ریاض کی ٹویٹ میری نہیں، صحافت کی جیت ہے، حامد میر

کم از کم ملک صاحب کو یہ احساس ہوگیا ہے کہ وہ ہر صحافی کو چپ نہیں کروا سکتے نہ دبا سکتے ہیں اور ہر فائل کے نیچے پہئیے بھی نہیں لگا سکتے، حامد میر کا ٹویٹر پیغام

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 30 مئی 2020 14:51

ملک ریاض کی ٹویٹ میری نہیں، صحافت کی جیت ہے، حامد میر
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) اداکارہ عظمیٰ خان کے معاملے پر میڈیا پر خاموش رہنے کے معاملے پر خوب تنقید کی گئی جس کے بعد سینیئر تجزیہ نگار حامد میر کی جانب سے خاموشی کو توڑ دیا گیا تھا اور ملک ریاض کے حوالے سے ٹویٹر پر پیغام جاری کر دیا گیا تھا۔ بعد میں ملک ریاض نے بھی حامد میر کے لئے ٹویٹ کرتے ہوئے انہیں بھی کلین چٹ دی تھی۔

اسی پر اب حامد میر کی جانب سے دوبارہ پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ملک ریاض کی ٹویٹ میری نہیں، صحافت کی جیت ہے۔ مزید بات کرتے ہوئے حامد میر کا کہنا تھا کہ کم از کم ملک صاحب کو یہ احساس ہوگیا ہے کہ وہ ہر صحافی کو چپ نہیں کروا سکتے نہ دبا سکتے ہیں اور ہر فائل کے نیچے پہئیے بھی نہیں لگا سکتے۔
اس سے پہلے پیغام جاری کرتے ہوئے ملک ریاض کی جانب سے کہا گیا تھا کہ میں نے حامد میر کو کبھی کوئی پیشکش نہیں کی اور نہ ہی اس نے کبھی مجھ سے کبھی کوئی فائدہ حاصل کیا۔

(جاری ہے)

ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے ملک ریاض کا کہنا تھا کہ حامد میر پاکستان کا ایک انتہائی قابل احترام ، معتبر اور غیر جانبدار اینکر ہے، وہ میرٹ پر کام کرتا ہے، اس نے اپنے کیریئر میں ہمیشہ بغیر کسی ڈر کے کام کیا ہے۔ خیال رہے کہ حال ہی میں اداکارہ عظمیٰ خان پر تشدد کے معاملے میں ملک ریاض کی بیٹی کو ملزم قرار دیا جا رہا ہے جس کے بعد تاثر دیا جا رہا ہے کہ میڈیا اینکرز اس موضوع پر اس لئے بات نہیں کر رہے کیونکہ انہوں نے ملک ریاض سے پیسے لئے ہیں۔

ان الزامات کے بعد معروف اینکر حامد میر کی جانب سے بھی پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مجھ سمیت کئی اینکرز نے ملک ریاض سے متعلق بات کی ہے لیکن ہمیں سنسر کردیا گیا۔ بعد میں اس حوالے سے پہلے ملک ریاض کی جانب سے جواب دیا گیا اور اب حامد میر نے بھی پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ملک ریاض کی ٹویٹ میری نہیں، صحافت کی جیت ہے۔