آصف علی زرداری کو پارک لین ،توشہ خانہ ریفرنس میں صدارتی استثنیٰ مل گیا

عدالت نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روک دی،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 11 مئی 2024 12:00

آصف علی زرداری کو پارک لین ،توشہ خانہ ریفرنس میں صدارتی استثنیٰ مل ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 مئی 2024 ) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پارک لین اور توشہ خانہ ریفرنس میں صدر مملکت آصف علی زداری کو صدارتی استثنیٰ مل گیا،عدالت نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روک دی،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف زرداری کی نیب کیسز میں صدارتی استثنیٰ کی درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک آصف علی زرداری صدر مملکت ہیں، ان کے خلاف کیسز کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت درخواست دائر کی گئی، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری جب تک صدر مملکت ہیں کیسز کی کرمنل کارروائی جاری نہیں رہ سکتی۔فیصلے میں کہا گیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ان درخواستوں پر کوئی بھی اعتراض نہیں کیا گیا اور نہ ہی مخالفت کی گئی، آئین کے آرٹیکل 248 (2) کے تحت صدر مملکت کے خلاف کوئی کیس نہیں ہوسکتا اور نا کوئی کارروائی جاری رہ سکتی ہے، لہٰذا صدر مملکت آصف علی زرداری کی کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواستیں منظور کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کررکھی ہے ، احتساب عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے نواز شریف کی درخواست پر دلائل کیلئے 23 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس پر کارروائی روک دی گئی تھی۔آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔فاروق ایچ نائیک نے کہا تھاکہ قانون کے مطابق آصف علی زرداری کو صدارتی استثنیٰ حاصل ہے، آصف علی زرداری جب تک صدر مملکت ہیں ان کے خلاف کیس آگے نہیں چل سکتا۔نیب کی جانب سے خواجہ منظور بطور پراسیکیوٹر پیش ہوئے، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس کی کارروائی روکنے کی درخواست منظور کرلی تھی۔