Live Updates

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شیرافضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری

تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی سے 3 روز میں جواب طلب کر لیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 مئی 2024 12:15

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شیرافضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شیرافضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی سے 3 روز میں جواب طلب کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے ضابطہ اخلاق اور پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر وجہ نوٹس جاری کیا گیا ہے کیوں کہ شیر افضل مروت نے بانی چیئرمین عمران خان کی طرف سے پارٹی کے معلوم اور بیان کردہ مؤقف کی خلاف ورزی نہ کرنے کی واضح ہدایات کے باوجود پارٹی کی ساکھ اور مفادات کو نقصان پہنچانے والے غیر ذمہ دارانہ بیانات جاری کیے۔

شوکاز نوٹس میں درج ہے کہ شیر افضل مروت کے بیانات پارٹی کے ساتھی ممبران اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ خراب تعلقات کی وجہ بنے، مذکورہ بالا رپورٹ کردہ سرگرمیوں کے پیش نظر شیر افضل مروت کو اس نوٹس کے تین دن کے اندر تحریری طور پر وضاحت کرنے کے لیے کہا جاتا ہے، بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی جائے گی، اگر شیر افضل مروت کا جواب غیر تسلی بخش ہوا یا انہوں نے جواب نہیں دیا تو پارٹی پالیسی اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے پہلے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے نام کا اعلان کیا تھا تاہم شیر افضل مروت کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے کے پیچھے ان کا سعودی عرب سے متعلق بیان وجہ بنی ، تحریک انصاف کے قائد عمران خان سعودی عرب سے تعلقات میں کسی قسم کی خرابی نہیں چاہتے اور اس صورتحال میں شیر افضل مروت کی تقرری سے منفی پیغام جا سکتا تھا، اس لیے پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے کیلئے نئے نام کا باقاعدہ اعلان کیا، اس ھوالے سے سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کا نام فائنل ہوچکا ہے، اس عہدے کے لیے ہمارے اُمیدوار شیخ وقاص اکرم ہوں گے، پارٹی قائد عمران خان نے ان کے نام کی منظوری دی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات