وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی ‘عظمی بخاری

کرونا کے نام پرچندہ،غیر ملکی امداد اور پیٹرول پر اربوں کی دیہاڑی بھی حکمران کا پیٹ نہیں بھرسکی‘سیکرٹری اطلاعات (ن) لیگ پنجاب

پیر 1 جون 2020 16:44

وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں،وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی ۔ عظمی بخاری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل65ڈالر قیمت تھی۔

نوازشریف حکومت نے اس کے باوجود پاکستانی عوام کو 70روپے تک لیٹر پیٹرول فراہم کیا۔اس وقت اسد عمر اسحاق ڈار پر 40روپے مہنگا پیٹرول فروخت کرنے کا الزام لگاتے تھے۔آج عالمی مارکیٹ میں پیٹرول 15ڈالر فی بیرول فروخت ہو رہا ہے۔وفاقی حکومت پھر بھی 74روپے 54پیسے فی لیٹر پیٹرول فروخت کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیویز اور ٹیکس بھی مزید بڑھادیے گئے ہیں۔

وزیراعظم اور ترجمان پیٹرولیم کے قیمتوں کے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں۔عالمی مارکیٹ کے حساب سے آج پاکستان میں 30روپے لیٹر پیٹرول فروخت ہونا چاہیے۔ا نہوںنے کہاکہ چار ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی زائد قیمتیں وصول کرکے عمران حکومت نے اربوں کی دیہاڑی لگائی ہے۔کرونا کے نام پرچندہ،غیر ملکی امداد اور پیٹرول پر اربوں کی دیہاڑی بھی حکمران کا پیٹ نہیں بھرسکی۔